فیفا کا اسرائیلی بمباری سے غزہ میں تباہ شدہ فٹبال مراکز کی تعمیر نو کا اعلان

شائع October 14, 2025
فوٹو: جیانی انفنتیو/انسٹاگرام
فوٹو: جیانی انفنتیو/انسٹاگرام

فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے صدر جیانی انفنتینو نے غزہ امن اجلاس کے موقع پر کہا کہ جنگ بندی کے بعد غزہ میں فٹبال کی تمام سہولیات کو دوبارہ تعمیر کیا جائےگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی مشترکہ سربراہی میں ہونے والے اجلاس کا مقصد حالیہ جنگ بندی کو مضبوط بنانا، دو سالہ جنگ کا خاتمہ کرنا اور غزہ میں طویل مدتی استحکام اور تعمیرِ نو کے منصوبے تیار کرنا تھا۔

اہم اجلاس میں مسلم اور عرب دنیا کے سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت یورپ کے اعلیٰ سربراہانِ مملکت نے بھی شرکت کی۔

غزہ امن معاہدے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر فیفا سربراہ جیانی انفنتینو نے کہا کہ فٹبال کا کردار حمایت اور اتحاد پیدا کرنا اور اس خطے میں امید فراہم کرنا ہے، ہم یقینا غزہ اور فلسطین میں فٹبال کی تمام سہولیات کی تعمیر نو میں مدد فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیفا فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ملک کے ہر کونے میں فٹبال کو واپس لائے گی، ہم کھیلنے کے لیے فٹبالز فراہم کریں گے، میدان تعمیر کریں گے، کوچز کو لائیں گے، مقابلوں کے انعقاد میں مدد اور فلسطین میں فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو کے لیے ایک فنڈ قائم کریں گے۔

جیانی انفنتینو نے بتایا کہ فیفا پہلے ہی فلسطین میں منی پچز اور فیفا ایرینا پروگرام کے ذریعے تعاون کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا اس میں حصہ لے، کیونکہ فٹبال بچوں کو امید دیتا ہے اور یہ بہت ضروری ہے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو بھی سراہا، انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا کردار اس سارے عمل میں انتہائی اہم اور فیصلہ کن رہا، صدر ٹرمپ کے بغیر امن ممکن نہ ہو سکتا تھا۔

صدر ٹرمپ نے رکاوٹیں ختم کیں، لوگوں کو قریب لائے اور درحقیقت مصر، قطر، ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، بحرین اور اردن سمیت کئی ممالک کے ساتھ مل کر یہ سب ممکن بنایا۔

جیانی انفنتینو نے سماجی رابطے کی سائٹ ’لنکڈ اِن‘ پر بھی اجلاس میں مدعو کر نے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ میں نے دنیا کے تمام رہنماؤں پر واضح کر دیا کہ فیفا مدد کے لیے موجود ہے، تعاون کے لیے تیار اور اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کریں گے تاکہ یہ امن عمل کامیاب ہو کر منطقی انجام تک پہنچے۔

غزہ جنگ کے دوران فٹبال کی عالمی تنظیم پر اسرائیل کے خلاف کارروائی کے مطالبات زور پکڑتے رہے جبکہ فلسطینی حکام اسرائیلی ٹیم کو بین الاقوامی فٹبال سے معطل کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فیفا اور یونین آف یورپین فٹبال ایسوسی ایشن (یو ای ایف اے) کو خط بھیج کر اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، یہ معاملہ گزشتہ کئی ماہ سے فیفا میں زیرِ غور ہے، تاہم، تاحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

جیانی انفنتینو نے بارہا کہا ہے کہ ایسے معاملات میں کنفیڈریشنز کے ساتھ اتفاقِ رائے ضروری ہے اور انہیں احتیاط سے نمٹایا جانا چاہیے۔

یہ بیانات اُس وقت سامنے آئے جب فیفا کے نائب صدر وکٹر مونٹاگلیانی نےکہا تھا کہ اسرائیل کی یورپی مقابلوں اور ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کا فیصلہ، یو ای ایف اے کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور یہ فیصلہ یورپی فٹبال باڈی کو ہی کرنا ہے۔

فیفا سربراہ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ فٹبال تنازعات حل نہیں کر سکتا، مگر اسے امن اور اتحاد کا پیغام ضرور دینا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2025
کارٹون : 7 نومبر 2025