فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز: اٹلی سے شکست، اسرائیل ٹورنامنٹ میں رسائی کی دوڑ سے باہر ہوگیا

شائع October 15, 2025
— فوٹو: ایکس
— فوٹو: ایکس

اٹلی کے شہر اوڈینے میں اٹلی اور اسرائیل کی فٹبال ٹیمیں فیفا ورلڈ کپ 2026 میں رسائی کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جس میں اٹلی کی ٹیم نے اسرائیل کو 0-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر کردیا ہے۔

کوالیفائنگ مرحلے میں اسرائیل نے اتوار کو اپنا گزشتہ میچ ناروے کے خلاف کھیلا تھا جس میں اسے 0-5 سے شکست ہوئی تھی جبکہ اسے عالمی کپ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے اپنے دو اگلے میچز ہر صورت جیتنے تھے، لیکن اٹلی سے شکست نے اسرائیل کا عالمی کپ میں شرکت کا خواب چکنا چور کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپین کی حکومت پہلے ہی عندیہ دے چکی تھی کہ اگر اسرائیل کوالیفائی کرتا ہے تو اسپین فیفا عالمی کپ میں شرکت سے دستبردار ہوسکتا ہے اور اگر اسرائیل واقعی رسائی حاصل کر لیتا تو دیگر یورپی ممالک کی جانب سے بھی یہی فیصلہ لیے جانے کا خدشہ تھا۔

فلسطین کے حق میں مظاہرے

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، دونوں ٹیموں کے مابین کوالیفائنگ میچ سے قبل فلسطین کے حق میں ہزاروں مظاہرین اٹلی کی سڑکوں پر نکل آئے جنہیں منتشر کرنے کے لیے اطالوی حکومت نے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی لیکن میچ سے قبل مظاہرین پُرامن انداز میں منتشر ہوگئے۔

تاہم میچ کے اختتام پر کچھ مظاہرین نے پولیس پر دھویں والے فائر کریکرز پھینکے جبکہ پولیس نے جواب میں واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

مظاہرین نے 18 میٹر لمبا فلسطینی پرچم اور ایک بڑا سرخ بینر اٹھا رکھا تھا جس پر مظاہرے کا نعرہ درج تھا کہ ’اسرائیل کو ریڈ کارڈ دیا جائے‘، جس مطلب یہ مطالبہ تھا کہ اسرائیل کو فیفا سے بین کیا جائے۔

منتظمین مشتعل مظاہرین کو وضاحت دیتے رہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے اور حماس نے بھی اسرائیلی یرغمالی رہا کردیے ہیں لیکن مظاہرین کا مؤقف اپنایا کہ جنگ بندی ہوئی ہے، مگر امن نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب اطالوی ٹیم کے کوچ کی جانب سے ستمبر میں یہ بیان دیا گیا تھا کہ ’بچوں اور عام شہریوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہا ہے، وہ دل دہلا دیتا ہے، ہمیں افسوس ہے کہ ہم اسرائیل کے ساتھ ایک گروپ میں ہیں اور ہم اس بارے میں کچھ نہیں کرسکتے‘۔

25 ہزار تماشائیوں کے گنجائش والے فیرولی اسٹیڈیم میں زیادہ تر شائقین نے میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ اتوار تک صرف 5 ہزار ٹکٹس ہی فروخت ہوپائے تھے جو کہ فٹبال کے شوقین ملک کے لیے حیران کُن تھا۔ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی کم تعداد موجود تھی جو اسرائیلی ٹیم کے ترانے پر آوازیں کستے رہے اور میچ کو ’شرمناک‘ کہتے رہے۔

سعودی عرب کامیاب

دیگر کوالیفائنگ میچز جاری ہیں جہاں سعودی عرب کی ٹیم 7ویں بار فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔ عراق سے ہونے والے میچ میں مقابلہ تو برابر رہا مگر سعودی عرب، تین ٹیموں کے گروپ میں انڈونیشیا کو شکست دے کر اچھی پوزیشن میں تھا جس کے بعد وہ 2026 کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرگیا ہے۔

یاد رہے کہ اگلے سال موسمِ گرما میں فیفا ورلڈ کپ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس میں پہلی بار 32 کے بجائے 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی میزبانی میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں بشمول میزبان ممالک کی فٹبال ٹیموں کے ارجنٹینا، مراکش، یوروگوئے، جنوبی کوریا، جاپان، اردن، ایران، قطر اور برازیل سمیت 28 ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہیں جبکہ دیگر اپنے اپنے گروپ میچز میں ٹورنامنٹ میں رسائی کے لیے پنجہ آزمائی میں مصروف ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 نومبر 2025
کارٹون : 6 نومبر 2025