• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

سفر کے دوران بچے تنگ کرتے ہیں، اس لیے گھریلو ملازمہ کا پاسپورٹ بنوا رہا ہوں، منیب بٹ

شائع October 16, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بچے سفر کے دوران اکثر بےچین اور چڑچڑے ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے اہلیہ ایمن خان سفر کو مکمل طور پر انجوائے نہیں کر پاتیں، اسی لیے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ بیرونِ ملک سفر کے لیے گھریلو ملازمہ کا پاسپورٹ بنوایا جائے تاکہ وہ بچوں کو سنبھال سکے۔

منیب بٹ نے حال ہی میں اداکارہ زارا نور عباس کے یوٹیوب پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور بچوں کی تربیت سے متعلق کھل کر بات کی۔

اداکار نے بتایا کہ اگر بچے غلطی کریں تو وہ انہیں ڈانٹ بھی دیتے ہیں، ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک دن ہم گاڑی میں جا رہے تھے اور امل کی گھریلو ملازمہ بھی ساتھ تھی، جسے امل نے ماسی کہہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سن کر انہوں نے فوراً گاڑی سائیڈ پر روک دی اور امل سے پوچھا کہ تم نے یہ لفظ کیوں کہا، اس کے بعد امل کو سمجھایا کہ وہ تمہاری ماسی نہیں بلکہ آپی ہیں اور آج کے بعد تم انہیں کبھی ماسی نہیں کہو گی، ورنہ سزا ملے گی۔

منیب بٹ کے مطابق بیٹی امل یہ سن کر رونے لگی، لیکن انہوں نے گاڑی تب تک نہیں چلائی جب تک اس نے معافی نہیں مانگی۔

پروگرام کے دوران اداکار نے یہ بھی کہا کہ بچوں کے ساتھ سفر کرنا کبھی کبھار مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ ان کا موڈ کسی بھی وقت بدل جاتا ہے، جس کی وجہ سے ایمن کو سفر کے دوران مکمل طور پر انجوائے کرنے کا موقع نہیں ملتا۔

منیب بٹ نے بتایا کہ اسی لیے وہ بچوں کی ملازمہ کا پاسپورٹ بھی بنوا رہے ہیں تاکہ آئندہ سفر میں اسے بھی ساتھ لے جائیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ملازمہ کو ساتھ لے جانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ بچوں کی اس کے ساتھ اچھی بانڈنگ ہے، جب کہ بیرونِ ملک نئی ملازمہ کے ساتھ بچوں کی بانڈنگ نہیں ہوپاتی۔

منیب بٹ کا کہنا تھا کہ اگر گھریلو ملازمہ ساتھ ہوگی تو ایمن بھی اطمینان سے انجوائے کرسکے گی، کیونکہ وہ جتنی بھی مدد کرلیں، بچوں کو بٹھا کر کھانا نہیں کھلا سکتے اور اب چونکہ فیملی بڑی ہوگئی ہے، اس لیے ملازمہ کو ساتھ لے جانا ضروری ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ منیب بٹ اور ایمن خان نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025