کراچی چیمبر آف کامرس کی جگہ 6 ضلعی چیمبرز آف کامرس بنانے کی تجویز
وزارت تجارت نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس کی جگہ 6 ضلعی چیمبرز آف کامرس بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق جاوید حنیف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت تجارت نے کراچی میں ضلعی چیمبرز آف کامرس کے قیام پر بریفنگ دی۔
وزارت تجارت نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت کو آگاہ کیا کہ کراچی سٹی چیمبرز آف کامرس کے قیام کی سمری تیار کی گئی ہے، کراچی میں 6 ضلعی چیمبرز آف کامرس کے قیام کی تجویز آئی ہے۔
وزارت تجارت کے حکام نے شرکا کو آگاہ کیا کہ ضلعی چیمبرز آف کامرس کے قیام سے کراچی چیمبرز آف کامرس کی حیثیت ختم ہوجائے گی جس پر چیئرمین کمیٹی جاوید حنیف نے کہا کہ کراچی چیمبرز آف کامرس کا نام بدلنا نہیں چاہیے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ایکٹ کے تحت بیک وقت دو چیمبرز آف کامرس کی رکنیت حاصل نہیں کی جاسکتی جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کراچی چیمبرز آف کامرس کی موجودہ حیثیت کو برقرار رکھا جائے۔
جاوید حنیف نے کہا کہ کراچی چیمبرز آف کامرس کو ٹریڈ ایکٹ سے استثنیٰ دینے کی سفارش کی گئی، کراچی میں ضلعی چیمبرز آف کامرس قائم کرنے کی منظوری دی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی ایسا بل منظور نہیں کیا جائے گا جس میں ضلعی چیمبرز کو ختم کرنےکی تجویز ہو۔












لائیو ٹی وی