بھارتی ڈرامے میں اداکاری کی پیشکش ہوئی تھی، ارسلان خان کا انکشاف
اداکار ارسلان خان نے بھارت سے موصول ہونے والی اداکاری کی پیشکش کے تجربے کا انکشاف کردیا۔
ارسلان خان نے حال ہی میں اہلیہ و اداکارہ حرا خان کے ہمراہ تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بھارت سے اداکاری کی پیشکش کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں بھارت سے ایک ڈرامے میں اداکاری کی پیشکش کا پیغام انسٹاگرام پر موصول ہوا تھا۔
اداکار کے مطابق انہوں نے پیغام ملنے کے بعد انہیں اپنا نمبر بھیج دیا، جس کے بعد واٹس ایپ پر مزید تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران انہوں نے فون پر ہی ڈرامے کی ڈیمانڈز اور معاوضے کے معاملات طے کرلیے۔
ارسلان خان نے بتایا کہ جب انہیں فون پر بتایا گیا کہ شوٹنگ بھارت کے کسی شہر میں ہوگی، تو انہوں نے ویزے کے انتظامات کے بارے میں سوال کیا۔
اداکار کے مطابق ان کے ویزے کے انتظامات کے بارے میں سوال کرنے پر بھارت سے پیشکش کرنے والوں کو معلوم ہوا کہ وہ پاکستانی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ ہر ملک کا فون کوڈ الگ ہوتا ہے جس سے کسی بھی شخص کا ملک باآسانی معلوم کیا جا سکتا ہے، لہٰذا یہ حیران کن تھا کہ وہ کس طرح یہ نہیں جان سکے کہ وہ پاکستانی ہیں۔
قبل ازیں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے انسٹاگرام پر بھارتی فالوورز کی تعداد زیادہ ہے اور اکثر کمنٹس میں انہیں بھارتی اداکار کارتک آریان کا ہم شکل کہا جاتا ہے۔












لائیو ٹی وی