دلجیت دوسانجھ اور منوشی چھلر پر ’یوگا‘ کو جنسی انداز میں دکھانے کا الزام
معروف گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ اور بولی وڈ اداکارہ منوشی چھلر کے نئے گانے ریلیز ہونے کے بعد ان پر ’یوگا‘ کو جنسی انداز میں پیش کرنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانے ’کفر‘ کو گزشتہ ہفتے 14 اکتوبر کو ریلیز کیا تھا، جس میں منوشی چھلر ان کے ساتھ انتہائی بولڈ انداز میں پرفارمنس کرتی دکھائی دیں۔
گانے کو دلجیت دوسانجھ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا تھا، جسے اب تک 75 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور اس کی کلپس سوشل میڈیا پر شیئر کرکے گلوکار و اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شویز ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق دلجیت دوسانجھ اور منوشی چھلر پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے یوگا کو جنسی (sensual) طور پر پیش کیا۔
دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ’کفر‘گانے کی میوزک ویڈیو میں نامناسب انداز اپنایا، صارفین نے ٹیم پر ’یوگا‘ کی توہین کا بھی الزام لگایا۔
ویڈیو میں منوشی چھلر پنک لیس جمپسوٹ اور بڑے شوز پہن کر ڈانسرز کی قیادت کرتی دکھائی دیتی ہیں، وہ یوگا کی پوزیشنز جیسے انداز بھی اپناتی نظر آتی ہیں۔
منوشی چھلر کی طرح باقی ڈانسرز خواتین بھی یوگا کے انداز اپناتے ہوئے ڈانس کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ گانا یوگا کو جنسی انداز میں پیش کرتا ہے، جو یوگا کی ثقافتی اور روحانی اہمیت کی بے عزتی ہے۔
صارفین نے لکھا کہ یوگا کو عورتوں کے لیے ایک محفوظ ایکسرسائز سمجھا جاتا ہے لیکن اسے اس طرح گانے میں پیش کرنا غلط ہے۔
زیادہ تر صارفین نے گانے کی کلپس اور تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے تبصرے کیے کہ ’یہ کیا ہو رہا ہے؟ یوگا کو کیوں جنسی بنایا جا رہا ہے؟ یہ اب تک کی بدترین میوزک ویڈیو ہے اور یہ کوریوگرافرز کیسا نشہ کر رہے ہیں؟
بعض صارفین نے لکھا کہ انہیں دلجیت دوسانجھ کے کام سے زیادہ توقعات تھیں لیکن وہ مذکورہ ویڈیو دیکھ کر ماٰیوس ہوگئے، ساتھ ہی بعض افراد نے منوشی چھلر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔












لائیو ٹی وی