• KHI: Clear 24°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.6°C
  • KHI: Clear 24°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.6°C

کراچی: ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ، محکمہ صحت اور انڈس ہسپتال کے ڈیٹا میں واضح فرق

شائع October 21, 2025
— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد مسلسل بڑھنے لگی، محکمہ صحت اور انڈس ہسپتال کے اعداد و شمار واضح فرق سامنے آگیا۔

محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق رواں ماہ صوبہ بھر میں ڈینگی کے 276 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد سال 2025 کے دوران ڈینگی کےکل کیسز کی تعداد 920 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی ڈویژن ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں اب تک 124 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، حیدرآباد ڈویژن میں 82، میرپورخاص ڈویژن میں 58، سکھر ڈویژن میں 9، شہید بینظیرآباد ڈویژن میں 2، جبکہ لاڑکانہ ڈویژن میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کاکہنا ہےکہ سندھ حکومتِ نے صوبے بھر میں انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید تیز کر دیا ہے، تمام اضلاع میں اسپرے، فاؤگنگ اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی صحت افسران کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی علاقے میں پانی جمع نہ رہنے دیا جائےکیونکہ یہی مچھر کی افزائش کا سب سے بڑا سبب بنتا ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ حکومت کی ترجیح شہری و دیہی علاقوں میں یکساں توجہ دینا ہے، تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے الگ یونٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں مفت علاج اور ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں کے صحن، چھتوں اور گملوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر سے بچاؤ کے اسپرے استعمال کریں اور بخار کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں، یہ بیماری قابلِ انسداد ہے، اگر ہم سب ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو جلد اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

وزیر صحت سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ سندھ کی ڈینگی مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ اضلاع میں سرگرم ہیں اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے صرف انڈس ہسپتال میں ہی یکم اکتوبر سے 16 اکتوبر تک ڈینگی کے 2007 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

انڈس ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کراچی کے انڈس ہسپتال میں ڈینگی اور ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ڈینگی، موسمی بخار اور مختلف انفکیشن میں مبتلا مریضوں کے باعث ہسپتال بھر گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 فروری 2026
کارٹون : 7 فروری 2026