بل گیٹس بھارتی ڈرامے ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ میں نظر آئیں گے
دنیا کے معروف ارب پتی اور سماجی خدمت گزار بل گیٹس نے بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامے ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی 2‘ میں شرکت کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
رواں ہفتے جاری ہونے والے پرومو میں بل گیٹس ویڈیو کال کے ذریعے ڈرامے کی مرکزی کردار تلسی ویرانی (جس کا کردار سمرتی ایرانی ادا کر رہی ہیں) سے گفتگو کرتے نظر آئے۔
ویڈیو کے آغاز میں بل گیٹس خوشگوار انداز میں ہیلو کہتے ہیں، جس پر تلسی اپنی مخصوص نرمی اور مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیتی ہیں۔
دورانِ گفتگو تلسی کہتی ہیں کہ انہیں بہت اچھا لگا یہ جان کر کہ وہ سیدھا امریکا سے ان کے خاندان سے جڑ رہے ہیں اور وہ سب بے صبری سے بل گیٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔
اس پر بل گیٹس مسکراتے ہوئے سادہ انداز میں جواب دیتے ہیں کہ ’شکریہ، تلسی جی‘۔
یوں ونڈوز کے خالق بل گیٹس بھارت کے معروف ترین ڈراموں میں سے ایک کا حصہ بن گئے ہیں۔
پرومو کے کیپشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ بل گیٹس ڈرامے کے صرف مہمان اداکار نہیں بلکہ ایک بامقصد شراکت دار کے طور پر شامل ہیں، جن کا مقصد صحت، ہمدردی اور مثبت تبدیلی کے پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔
کیپشن کے مطابق اس بار ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کی کہانی کے بیچ صحت، ہمدردی اور تبدیلی کا نیا رشتہ جڑ رہا ہے، اس کہانی میں دنیا کے سب سے بڑے چینج میکر بل گیٹس شامل ہیں، اس سوچ کے ساتھ کہ ہر ماں اور ہر بچہ محفوظ اور صحت مند رہے۔
یہ اشتراک گیٹس فاؤنڈیشن کے طویل المدتی منصوبوں سے ہم آہنگ ہے، خصوصاً جنوبی ایشیا میں ماں اور بچے کی صحت کے فروغ سے متعلق اقدامات کے ساتھ۔
اگرچہ یہ واضح نہیں کہ بل گیٹس صرف اسی پرومو میں نظر آئیں گے یا ڈرامے میں ان کا کردار مزید آگے بڑھے گا، تاہم ایک بات یقینی ہے کہ ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جو کوئی ٹیک کانفرنس نہیں کر سکی، یعنی بل گیٹس سے ہندی زبان میں گفتگو کروانا۔












لائیو ٹی وی