خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی ٹانک میں کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشتگرد ہلاک

شائع October 24, 2025
— فائل فوٹو: اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 8 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 اکتوبر 2025 کو بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر خوارج کو ختم کیا جا سکے۔

مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت جاری وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

دریں اثنا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی آپریشن میں 8 بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواشہمند عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آج لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 دہشت گرد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر لکی مروت کے علاقے وانڈہ شیخ اللہ میں کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک اور 5 کو شدید زخمی کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی اس عسکری مہارت سے کی گئی کہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکا، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشات کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025