• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C

ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا مایا علی کے برانڈ پر ڈیزائن کاپی کرنے کا الزام

شائع October 28, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر فائزہ ثقلین نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ مایا علی کے فیشن برانڈ مایا پریٹ پر ان کے ڈیزائنز کی کاپی کی جاتی ہے۔

فائزہ ثقلین نے انسٹاگرام پر متعدد پوسٹیں شیئر کیں، جن میں انہوں نے اپنے برانڈ کے ملبوسات اور مایا پریٹ کے ملبوسات کی تصاویر ایک ساتھ شیئر کیں اور سوال کیا کہ کیا انہیں یہ سب دیکھ کر خوش ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مماثلت صرف لباس تک محدود نہیں بلکہ ماڈل اور فوٹو شوٹ کے پس منظر تک پھیلی ہوئی ہے۔

فائزہ ثقلین نے اپنی پرانی کلیکشنز کے تین ملبوسات اور اس سال مایا علی کے برانڈ کے جاری کردہ ملبوسات کا موازنہ پیش کیا۔

انہوں نے برانڈ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ وہ کچھ اپنا تخلیق کریں اور استہزائیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ وہ وعدہ تو نہیں کر سکتیں لیکن امید ہے کہ یہ بھی فروخت ہوجائے گا۔

انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ڈیزائنز میں مایا پریٹ کی رواں ماہ جاری ہونے والی برائیڈل کلیکشن کا لباس بھی شامل تھا، جو فائزہ ثقلین کے 2021 میں جاری کی گئی کلیکشن کے ایک لباس سے مماثلت رکھتا ہے۔

ایک اور پوسٹ میں مایا پریٹ کی ویلویٹ ساڑی دکھائی گئی، جو فائزہ ثقلین کے گزشتہ سال کے ایک ڈیزائن سے حیران کن حد تک مشابہت رکھتی تھی، البتہ رنگوں میں فرق تھا، لیکن دونوں ساڑیوں میں باریک چاندی کا بارڈر شامل تھا۔

آخری لباس میں کالی پشواس تھی، جو بظاہر فائزہ ثقلین کے 2023 کے کیٹلاگ میں استعمال شدہ ماڈل سے مشابہت رکھتی تھی۔

فائزہ ثقلین نے اپنے ڈیزائنز کا مایا علی کے برانڈ کے ڈیزائنز کے ساتھ موازنہ کرنے کے علاوہ وہ اسٹوریز بھی دوبارہ شیئر کیں، جن میں صارفین اور ساتھیوں نے مایا پریٹ پر ان کے ڈیزائنز کی کاپی کرنے کا الزام لگایا۔

ایک اسٹوری میں کہا گیا کہ عروسی لباس فائزہ ثقلین کی اپنی والدہ کے لیے ایک خراج تحسین تھا اور اسے کاپی ہوتے دیکھ کر انہیں افسوس ہوا۔

ایک اور صارف نے کہا کہ انہوں نے دیکھا کہ ڈیزائنر نے محنت کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا اور وہ یہ دیکھ کر دل شکستہ ہوئے کہ ان کے کام کی کاپی کی جارہی ہے۔

فی الحال مایا علی اور ان کے برانڈ مایا پریٹ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025