مجھے محبت نہیں تھی، شوہر کی محبت ہونے کی وجہ سے شادی کی، فرح سعدیہ

شائع October 28, 2025
—فوٹو: سماء فیس بک
—فوٹو: سماء فیس بک

ماضی کی مقبول اداکارہ و ٹی وی میزبان فرح سعدیہ نے انکشاف کیا ہے کہ اگرچہ ان کی شادی محبت کی تھی لیکن انہیں محبت نہیں تھی، انہوں نے شوہر کی محبت ہونے کی وجہ سے ان سے شادی کی تھی۔

فرح سعدیہ کی پہلی شادی ہدایت کار و اداکار اقبال حسین سے ہوئی تھی، جن کی ان سے 2013 میں طلاق ہوگئی تھی۔

فرح سعدیہ کو پہلی شادی سے دو بچے بھی ہیں، پرانے انٹرویوز میں وہ بچوں کی پرورش، تعلیم اور اپنی شادی کو بچانے کی بات کرتی دکھائی دیتی رہی ہیں۔

ستمبر 2025 میں انہوں نے ’مذاق رات‘ پروگرام میں کہا تھا کہ بہتر ازدواجی زندگی اور بچوں کی خاطر انہوں نے اداکاری چھوڑی تھی۔

اب انہوں نے ایک بار پھر اپنی شادی کے حوالے سے گفتگو کی ہے، تاہم انہوں نے اس بار بھی طلاق کی وجوہات سے متعلق بات نہ کی۔

فرح سعدیہ نے سماء ٹی وی کے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انسان جتنی بھی کوشش کرے کہ اسے شادی کےلیے اچھا شخص مل جائے لیکن جو نصیب میں ہوتا ہے، وہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی طرف سے ہر انسان اچھے بننے کی کوشش بھی کرتا ہے لیکن کسی نہ کسی وجہ سے غلطیاں اور مسائل ہو ہی جاتے ہیں، اس میں انسان کا کوئی قصور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا یقین ہے کہ کوئی شخص کسی دوسرے کو دھوکہ نہیں دے سکتا، دھوکا کھانے والا شخص دھوکا دینے والے کو غلط سمجھ کر دھوکا کھا رہا ہوتا ہے۔

فرح سعدیہ کے مطابق انسان خود دھوکا دینے والے شخص کی باتوں کو غلط سمجھ کر نظر انداز کرتا ہے اور اسی وجہ سے ہی وہ دھوکا کھا بیٹھتا ہے، ورنہ دوسرے شخص کو دھوکے دینے کی طاقت نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر خواتین کو شادی سے قبل درست انداز میں مرد کو پرکھنا چاہیے، وہ دیکھیں کہ مرد ان کی کتنی عزت کرتا ہے اور ان پر کتنا خرچ کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مذہب اسلام میں بھی ہے کہ عورت پر خرچ کرنا مرد کی ذمہ داری ہے، اس لیے اگر کوئی شخص کسی عورت پر خرچ نہیں کرتا، اس کا مطلب ہے وہ مرد نہیں، وہ عورتوں والے کام کر رہا ہے۔

فرح سعدیہ نے محبت سے متعلق سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے محبت کی شادی کی لیکن انہیں محبت نہیں تھی، انہوں نے شوہر کی محبت کی وجہ سے شادی کی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں شادی کے بعد محبت ہوئی، انہیں یہ بڑی بات لگتی تھی کہ کوئی شخص انہیں چاہتا ہے۔

ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے لوگوں سے زیادہ توقعات ہوتی تھیں لیکن اب ایسا نہیں، اب وہ سمجھ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اب اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے ساتھ کسی نے غلط کیا یا اچھا کیا، اگر کسی نے ان کے ساتھ کسی نے برا کیا تو بھی ان کی مہربانی۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025