فواد خان بطور جج ’پاکستان آئیڈل‘ کے لیے بہترین انتخاب ہیں، فاخر محمود
گلوکار فاخر محمود نے فواد خان کی بطور جج ’پاکستان آئیڈل‘ میں شمولیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شو کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔
فاخر محمود نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران موسیقی، گلوکاروں کی شناخت اور پاکستان آئیڈل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک گانے سے کوئی بھی گلوکار مشہور نہیں ہوتا، شہرت حاصل کرنے کے لیے کئی گانے بنانے پڑتے ہیں تاکہ لوگوں میں گلوکار کی پہچان قائم ہو، تاہم کسی ایک گانے سے کیریئر میں پیش رفت ضرور ملتی ہے۔
پاکستان آئیڈل میں فواد خان کی بطور جج شمولیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر تنقید نہیں ہونی چاہیے، یہ ان کے ساتھ زیادتی ہے کیونکہ فواد خان اداکار بننے سے قبل ایک موسیقار تھے۔
گلوکار کے مطابق وہ راک میوزک بینڈ ’ای پی‘ (اینٹیٹی پیراڈائم) کے مرکزی گلوکار رہ چکے ہیں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ایک گانا بھی گنگنا چکے ہیں۔
فاخر محمود نے کہا کہ فواد خان پاکستان کے نامور ستاروں میں سے ایک ہیں، لوگوں کو انہیں عزت دینی چاہیے، وہ آئیڈل کے جج بننے کے لیے ایک مکمل پیکج ہیں کیونکہ ان میں کئی فنکارانہ صلاحیتیں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آئیڈل کے دیگر ججز بھی انتہائی باصلاحیت ہیں، زیب بنگش ایک معروف پاکستانی گلوکارہ ہیں، بلال مقصود ایک شاندار موسیقار ہیں، جب کہ راحت فتح علی خان عالمی شہرت یافتہ گلوکار ہیں، اس لیے شو کا جج پینل مجموعی طور پر بہت مضبوط ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل گلوکارہ حمیرا ارشد نے ایک پروگرام میں فواد خان کی بطور جج شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے فنکاروں کو جج نہیں بننا چاہیے جن کا موسیقی سے کوئی تعلق نہیں۔
’پاکستان آئیڈل سیزن 2‘ کے ججز میں فواد خان، راحت فتح علی خان، بلال مقصود اور زیب بنگش شامل ہیں، یہ شو تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور نوجوان گلوکاروں کے ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ ججز کے فیصلوں کو بھی سراہا جا رہا ہے۔












لائیو ٹی وی