آزاد کشمیر میں ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی، پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کیلئے امیدوار فائنل کرلیا

شائع October 29, 2025
— فوٹو: پی پی پی
— فوٹو: پی پی پی

آزاد کشمیر میں ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی کے پیش نظر پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری یاسین کو امیدوار فائنل کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں چوہدری یاسین کے نام کی منظوری دی۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت بھی شریک تھی، جبکہ اجلاس کے دوران وزارتِ عظمیٰ کے لیے 4 ناموں پر غور کیا گیا، جن میں چوہدری یاسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان شامل تھے۔

تاہم، بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری یاسین کو حتمی امیدوار نامزد کردیا، پارٹی کی جانب سے امیدوار کے نام کا باقاعدہ اعلان آج رات تک متوقع ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے حکومتی کمیٹی برائے کشمیر امور کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی، جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور آزاد کشمیر کے سینئر رہنما موجود تھے، اہم ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور اِن ہاؤس تبدیلی پر غور کیا گیا تھا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے آزاد کشمیر حکومت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے اور عدم اعتماد کی تحریک میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے۔

دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو ’ایک ہی سکے کے دو رخ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کا کوئی ’حقیقی منصوبہ‘ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی کو 27 اراکین کی حمایت درکار ہے، جبکہ قانون سازاسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 17 تھی، تاہم، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر فارورڈ بلاک کے 10 ارکان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جس کے بعد حکومت سازی کے لیے درکار مطلوبہ تعداد پوری ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025