ایم کیو ایم پاکستان کی ای چالان نظام معطل کرنے کیلئے تحریک التوا سندھ اسمبلی میں جمع
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی ہے، جس میں کراچی میں الیکٹرانک چالان (ای چالان) نظام کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ تحریک رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری نے عوامی اہمیت کے ایک فوری معاملے کے طور پر پیش کی ہے، جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر بھر میں بنیادی سڑکوں کے انفرااسٹرکچر، مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور مناسب پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو یقینی بنانے تک ای چالان کے نظام کو فوری طور پر معطل کرے۔
اپنی جمع کرائی گئی تحریک میں ایم پی اے عادل عسکری نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی خستہ حال سڑکوں، ٹوٹے ہوئے سگنل نیٹ ورک اور ناکافی ٹرانسپورٹ سہولیات جیسے بنیادی مسائل حل کیے بغیر ای چالان نظام نافذ کر کے ناانصافی اور انتظامی غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں شہریوں پر جرمانے عائد کرنا اصلاحات کے بجائے ظلم کا عمل ہے اور اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ معمول کی کارروائی معطل کرکے اس مسئلے پر تفصیلی بحث کرے۔
ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی نے کہا کہ کراچی کے شہری پہلے ہی خستہ حال سڑکوں، غیر فعال ٹریفک سگنلز اور تجاوزات کی وجہ سے روزانہ کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جو گاڑیوں کی روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
انہوں نے تحریک میں کہا کہ جب تک مناسب روڈ سیفٹی اور قابلِ اعتماد ٹرانسپورٹ نظام کو یقینی نہیں بنایا جاتا، الیکٹرانک جرمانے عوام پر اضافی بوجھ کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ای چالان نظام کو فوری طور پر معطل کیا جائے، جب تک کہ شہری انفرااسٹرکچر کی بحالی مکمل نہ ہو جائے۔
رکن اسمبلی نے مزید مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں ایک مہم شروع کی جائے تاکہ تباہ شدہ سڑکوں کی مرمت، ٹریفک سگنلز کی بحالی، اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے جو مرکزی شاہراہوں کو بند کرتی ہیں۔












لائیو ٹی وی