تنقید پی ایس ایل انتظامیہ پر کی گئی، لیگ پر نہیں، ملتان سلطانز کا جواب
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز نے پی سی کو دیے گئے جواب میں کہا کہ علی ترین کی جانب سے تنقید پی ایس ایل انتظامیہ پر کی گئی تھی، لیگ پر نہیں۔
پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز نے نئے ٹائٹل اسپانسر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارک باد دی اور ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کردیا۔
اپنے اعلامیے میں ملتان سلطانز نے کہا کہ پی ایس ایل نے ایک مرتبہ پھر بڑا ٹائٹل اسپانسر حاصل کیا ہے جس پر پی ایس ایل منیجمنٹ مبارک باد کی مستحق ہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کہا گیا کہ وہ ایس ایل انتظامیہ کے اس نظریے کو تسلیم کرتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں کہ معاملات بورڈ رومز میں ہی حل ہوتے ہیں۔ تنقید پی ایس ایل انتظامیہ پر کی گئی ہے لیگ پر نہیں۔
ملتان سلطانز نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ پی ایس ایل ایک قومی اثاثہ ہے اور اس سے ہمارا عزم قطعی طور پر واضح ہے جب کہ علی ترین کا مقصد سادہ ہے کہ مضبوط پی ایس ایل بنائیں۔
مزید کہا گیا کہ ہم نے ایک بہتر پیشہ ورانہ ڈھانچہ بنانے کے لیے حل پیش کردیے ہیں جس میں شفافیت ہو، باہمی تعاون ہو ۔
اس سے قبل، کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان سپر لیگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر نے کہا تھا کہ وہ ملتان سلطان کے مالک علی ترین کی طرح پی ایس ایل کو بدنام نہیں کرسکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علی ترین سے جو بات ہوگی بند کمرے میں ہوگی جب کہ فیملی میں معاملات خراب ہوں تو بند کمرے میں ہی معاملات طے ہوتے ہیں۔












لائیو ٹی وی