• KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.2°C

’کراچی گندہ شہر ہے‘ عفت عمر بھی صبا قمر کے نقش قدم پر چل پڑیں

شائع October 30, 2025

اداکارہ صبا قمر کے بعد عفت عمر نے کراچی کو ناپسندیدہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کا دارالحکومت ’گندہ شہر‘ ہے۔

صبا قمر نے چند روز قبل ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ انہیں کراچی پسند نہیں، وہ وہاں صرف کام کے لیے جاتی ہیں، کام کرکے واپس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آجاتی ہیں۔

میزبان نے جب ان سے پوچھا کہ کیا کبھی انہوں نے مستقل بنیادوں پر کراچی منتقل ہونے کا نہیں سوچا؟ جس پر صبا قمر نے ’استغفراللہ‘ کہتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سندھ کا دارالحکومت پسند نہیں۔

اداکارہ کی جانب سے کراچی شہر کو پسند نہ کیے جانے اور اس کے نام پر ’استغفر اللہ‘ پڑھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت اداکاروں نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

ان کے بعد اب اداکارہ عفت عمر نے بھی کہا ہے کہ انہیں کراچی پسند نہیں، سندھ کا دارالحکومت گندہ شہر ہے۔

عفت عمر نے صبا قمر پر کی جانے والی تنقیدی پوسٹ کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر اداکارہ کو کراچی پسند نہیں تو کیا انہیں زبردستی شہر پسند کروایا جائے گا؟

انہوں نے لکھا کہ اداکارہ کی طرح بہت سارے لوگ کام کے لیے کراچی جاتے ہیں اور اگر انہیں کراچی پسند نہیں تو نہیں پسند اور یہ کہ کراچی بہت گندہ شہر ہے۔

عفر عمر کی جانب سے کراچی کو گندہ شہر قرار دینے پر بھی صارفین نے اظہار برہمی کیا اور ان پر تنقید کی گئی، جس پر اداکارہ نے تنقید کرنے والوں کو کرارے جوابات بھی دیے۔

اداکارہ نے تسلیم کیا کہ کراچی میٹروپولیٹن شہر ہے، وہاں کام اور روزگار کے مواقع زیادہ ہیں، اس لیے ان سمیت دیگر لوگ کام کے لیے کراچی جاتے ہیں اور اگر انہیں کام کے حوالے سے پسند کا انتخاب دیا جائے گا تو وہ کراچی کو منتخب نہیں کریں گی۔

عفت عمر نے خود پر تنقید کرنے والوں کو بھی جوابات دیے اور کہا کہ ان کی بات کو صرف کراچی تک محدود رکھا جائے، ان کی بات کو قومپرستی اور حب الوطنی سے نہ جوڑا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کہ اگر لوگ لاہور کو برا کہیں گے تو لاہوریوں کو برا نہیں لگے گا اور وہ کوئی سخت رد عمل نہیں دیں گے۔

سخت تنقید کے بعد عفت عمر نے ایکس پوسٹ میں لکھاکہ انہوں نے صرف کراچی شہر کے حوالے سے بات کی، انہوں نے کراچی کے شہریوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، اس لیے ان کی بات کو غلط نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے مثال دی کہ انہیں فرانکفرٹ شہر بھی پسند نہیں، اس لیے ہر بات کا پتنگڑ بنانے کی ضرورت نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025