• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

میرا کیریئر خراب کرنے میں وقار یونس کا بڑا ہاتھ ہے، عمر اکمل

شائع October 31, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

قومی ٹیم کے سابق کپتان عمر اکمل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا کیریئر خراب کرنے میں وقار یونس کا بڑا ہاتھ ہے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بیٹھے چند اعلیٰ عہدیدار بھی انہیں آگے آنے نہیں دے رہے۔

عمر اکمل نے حال ہی میں ’نیو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر کے عروج و زوال کی کہانی بتائی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بیٹھے کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ عمر اور کامران اکمل کھیلیں، اس لیے انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی منتخب نہیں کیا جا رہا۔

ان کے مطابق عام طور پر پی ایس ایل کی ٹیمز یا قومی ٹیم میں اس وقت کسی کھلاڑی کو منتخب کیا جاتا ہے جب کوئی ڈومیسٹک میچز کھیل رہا ہوتا ہے لیکن انہیں ڈومیسٹک میں ہی نہیں کھیلنے دیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک میں نہ کھیلنے کی وجہ سے پی ایس ایل فرنچائز ان کا کھیل نہیں دیکھ رہیں، اس لیے انہیں سلیکٹ ہی نہیں کیا جا رہا اور ڈومیسٹک میں نہ آنے کی وجہ سے ہی وہ قومی ٹیم میں بھی نہیں جا پا رہے۔

عمر اکمل کے مطابق ماضی میں ایک بار وہ ڈومیسٹک میں کھیلے، انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی تو انہیں پاکستان اے ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن جب بنگلہ دیش کے اے ٹیم کا دورہ ہوا تو انہیں منتخب ہی نہیں کیا گیا، انہیں آگے آنے ہی نہیں دیا گیا۔

کرکٹر نے بتایا کہ دوبارہ گرین شرٹس پہننے اور کھیل کے میدان میں اترنے کی خواہش کی وجہ سے ہی تاحال انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، انہیں امید ہے کہ وہ ایک دن دوبارہ کھیلیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں انہوں نے قومی ٹیم کے لیے بہت ساری عالمی لیگز میں کھیلنے سے انکار کیا، آج کل کے لڑکے ایسا نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے خراب ہونے پر بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کا زیادہ تر کیریئر اس وقت کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے خراب کیا، ان کے کیریئر کو خراب کرنے میں ان کا بڑا ہاتھ ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وقار یونس ان کی شہرت، ان کی کمائی اور ان کے طرز زندگی سے جلتے تھے، جس وجہ سے وہ انہیں برداشت نہیں کر پائے اور ان کا کیریئر خراب کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وقار یونس نے انہیں پرفارمنس کی وجہ سے پیچھے نہیں کیا بلکہ ان سے حسد کرکے انہوں نے ان کا کیریئر خراب کیا۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وقار یونس نے دیگر سینئر کھلاڑیوں کا کیریئر بھی خراب کیا اور وہ مزید کھلاڑیوں کے نام نہیں لینا چاہتے۔

عمر اکمل نے کہا کہ ان کے پاس شواہد موجود ہیں، وقت آنے پر وہ وقار یونس کےخلاف تمام باتیں سامنے لائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025