فرانس: لوور میوزیم سے جواہرات کی چوری کے مقدمے میں 38 سالہ خاتون پر فردِ جرم عائد
فرانس کے لوور میوزیم قیمتی شاہی زیورات کی چوری کے مقدمے میں دیگر 4 مشتبہ افراد کے ساتھ گرفتار ہونے والی ایک خاتون کو ہفتے کے روز ایک مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، مجسٹریٹ یہ فیصلہ کرے گا کہ اسے مزید حراست میں رکھا جائے یا نہیں۔
ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادار ے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک صحافی نے بتایا کہ 38 سالہ خاتون رو رہی تھی، جب اس نے تصدیق کی کہ وہ پیرس کے شمالی نواحی علاقے لا کورنیوو میں رہتی ہے، اس پر منظم چوری میں معاونت اور جرم کے ارادے سے مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
استغاثہ کی درخواست پر سماعت بند دروازوں کے پیچھے جاری رہی، پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے مشتبہ افراد کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
گزشتہ ماہ، چوروں نے دن دیہاڑے پاور ٹولز کے ذریعے لوور میوزیم (جو دنیا کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا آرٹ میوزیم ہے) پر دھاوا بول دیا تھا، اور صرف 7 منٹ میں تقریباً 12 کروڑ ڈالر مالیت کے نوادرات اور جواہرات چرا لیے تھے۔
یہ 5 گرفتاریاں پیرس اور اس کے اطراف میں، خصوصاً سین-سینٹ-دینیس کے علاقے سے عمل میں آئی تھیں۔
وکلا صوفیہ بوگرین اور نوئمی گورین نے بتایا کہ اس ہفتے گرفتار ہونے والے 5 افراد میں سے ایک شخص کو جمعے کے روز بغیر کسی الزام کے رہا کر دیا گیا تھا۔
صوفیہ بوگرین نے کہا کہ ایسے سنگین جرائم کے مقدمات میں ہم دیکھتے ہیں کہ گرفتاریوں کی یہ لہریں دراصل ایسے جالوں کی مانند ہیں، جو سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں، یہ اشارہ دیتے ہوئے کہ کچھ گرفتاریاں اندھادھند اور غیر مؤثر لگتی ہیں۔
پیرس کی پراسیکیوٹر لور بیکو نے بتایا کہ پہلے گرفتار ہونے والے 2 افراد پر چوری اور مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کیے گئے تھے، کیوں کہ انہوں نے جزوی طور پر جرم کا اعتراف کیا تھا۔
ان میں سے ایک 34 سالہ الجزائری شہری ہے، جو فرانس میں مقیم ہے، اور اسے ڈی این اے شواہد کے ذریعے شناخت کیا گیا تھا، جو ان اسکوٹروں میں سے ایک پر پائے گئے تھے جن کے ذریعے چوری کے بعد فرار ہوا گیا تھا۔
دوسرا مشتبہ شخص 39 سالہ بغیر لائسنس والا ٹیکسی ڈرائیور ہے، جو پیرس کے نواحی علاقے اوبر ویلیئر میں رہتا ہے، دونوں پہلے بھی چوری کے مقدمات میں پولیس کے ریکارڈ میں موجود تھے۔
دوسرا مشتبہ شخص اپنے گھر کے قریب ہی جلد ہی گرفتار کر لیا گیا تھا، اور پراسیکیوٹرز کے مطابق، کوئی ثبوت نہیں ملا کہ وہ ملک چھوڑنے کا ارادہ رکھتا تھا۔
ان پر شبہ ہے کہ یہی دونوں وہ افراد تھے جنہوں نے گیلری میں داخل ہو کر چوری کی، جبکہ ان کے دو ساتھی باہر موجود تھے۔
تاہم، چوری شدہ جواہرات اب تک برآمد نہیں ہو سکے۔
چور ایک ہیرا اور زمرد جڑے تاج کو چھوڑ گئے تھے، جو ملکہ ایوجینی، نپولین سوئم کی اہلیہ کی ملکیت تھا، مگر وہ 8 دیگر قیمتی زیورات ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
ان میں ایک زمرد اور ہیرے کا ہار شامل ہے، جو نپولین اوّل نے اپنی دوسری اہلیہ ملکہ میری لُوئس کو دیا تھا، اور ایک تاج جو ملکہ ایوجینی کا تھا، جس میں تقریباً 2 ہزار ہیرے جڑے ہوئے ہیں۔












لائیو ٹی وی