سابق کیوی کپتان کین ولیمسن کا ٹی20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
نیوزی لینڈ کے عظیم بلے باز کین ولیمسن نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہ ٹیم کو آئندہ سال کے ورلڈکپ سے پہلے واضح سمت کی ضرورت ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کین ولیمسن نیوزی لینڈ کے لیے مختصر فارمیٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر رخصت ہوں گے، انہوں نے 93 میچوں میں 2575 رنز بنائے، جن میں 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
انہوں نے نیوزی لینڈ کو 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچایا، جہاں ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف شکست ہوئی، تاہم ولیمسن نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ 2016 اور 2022 میں ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
گزشتہ ہفتے 35 سالہ ولیمسن نے تصدیق کی تھی کہ وہ اپنی بین الاقوامی مصروفیات میں کمی کریں گے تاکہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں اور پروفیشنل وائٹ بال لیگز میں شرکت کر سکیں۔
ولیمسن نے ایک بیان میں کہا کہ میرے لیے اور ٹیم کے لیے یہی صحیح وقت ہے، یہ ٹیم کو آئندہ سیریز اور ان کے اگلے بڑے ہدف یعنی ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے واضح سمت فراہم کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس بے پناہ ٹی20 ٹیلنٹ موجود ہے اور اگلا عرصہ ان نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے اور انہیں ورلڈ کپ کے لیے تیار کرنے کے لیے نہایت اہم ہوگا۔
ولیمسن ویسٹ انڈیز کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی ہوم ٹی 20 سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں اور وہ بعد میں ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
تاہم وہ دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے، جہاں وہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ فارمیٹ میں اپنے ریکارڈ 9 ہزار 276 رنز میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو اسکاٹ ویننک نے کہا کہ ولیمسن نے اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے یہ حق حاصل کیا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے باقی حصے کا فیصلہ خود کریں۔












لائیو ٹی وی