فواد خان نے ’پاکستان آئیڈل‘ میں بطور جج اپنا موقف واضح کر دیا
اداکار و گلوکار فواد خان نے ’پاکستان آئیڈل‘ میں بطور جج اپنا موقف واضح کر دیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں رپورٹر نے فواد خان سے سوال کیا کہ قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ ان کا پاکستان آئیڈل میں جج بننے کا تجربہ کیسا ہے، اس پر فواد خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ قوم جانتی ہے کہ وہ کیا جاننا چاہتی ہے، آج ہر کوئی سب کچھ جانتا ہے۔
فواد خان نے بتایا کہ پاکستان آئیڈل ایک تفریحی پلیٹ فارم ہے جو نوجوان فنکاروں کو اسٹیج دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔
ان کے مطابق جب بھی وہ ایسے پروگرامز میں بطور جج حصہ لیتے ہیں تو وہ اپنے ماضی کو یاد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جب انہوں نے سالوں پہلے بیٹل آف دی بینڈز کے دو یا شاید تین سیزنز کیے تھے۔
فواد خان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیشہ ایک تفریحی پلیٹ فارم رہا ہے اور اس کے ذریعے بہت سے باصلاحیت فنکار سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ شو میں حصہ لینے والے تمام شرکا کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور انہیں اسٹیج پر پرفارم کرتے دیکھنا ان کے لیے اعزاز ہے۔
فواد خان نے بتایا کہ جب وہ بحیثیت جج وہاں بیٹھتے ہیں تو انہیں ایسا لگتا ہے جیسے وہ بھی سامعین کا حصہ ہوں اور اسی وجہ سے وہ شرکا کے لیے تالیاں بجاتے ہیں، ہمیشہ کی طرح پر وقار انداز میں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے پروگرامز کی بدقسمتی یہ ہے کہ آخر میں صرف ایک شخص جیتتا ہے، لیکن وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ شرکا کے لیے ایسے اسٹیج پر ہونا صرف ایک تعارفی کارڈ ہے، اب ہر کوئی ان کو دیکھ رہا ہے اور ان کا دنیا کے سامنے تعارف ہو چکا ہے۔
ان کے مطابق یہ سب ٹیلنٹ کو صحیح نمائش دینے کے بارے میں ہے۔
قبل ازیں فواد خان کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’نیلوفر‘ کے بارے میں بتایا کہ اس میں انہوں نے کوئی گانا نہیں گنگنایا۔
انہوں نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہیں تو پاکستان میں بھی گانا نہیں گانے دیا جا رہا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل حمیرا ارشد نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران پاکستان آئیڈل میں فواد خان کی بطور جج شمولیت پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ ایسے فنکاروں کو جج نہیں بننا چاہیے جن کا موسیقی سے کوئی تعلق نہیں۔
فی الوقت فواد خان ملک کے سب سے بڑے موسیقی کے مقابلے ’پاکستان آئیڈل سیزن 2‘ کے ججز پینل کا حصہ ہیں، جس میں راحت فتح علی خان، بلال مقصود اور زیب بنگش بھی شامل ہیں۔












لائیو ٹی وی