شمالی میکسیکو کی سپرمارکیٹ میں دھماکا، بچوں سمیت 23 افراد ہلاک
میکسیکو کے شمالی حصے میں سپرمارکیٹ میں ہونے والے دھماکے میں بچوں سمیت کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا ایک حادثہ معلوم ہوتا ہے، جو غالباً خراب برقی ٹرانسفارمر کے باعث پیش آیا ہے۔
ریاست سونورا کے گورنر الفونسو دورازو نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جن متاثرین کی لاشیں ملی ہیں، ان میں کچھ نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ہرمو سیلو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں دھماکا ہوا تھا۔
دورازو نے کہا کہ میں نے اس واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے وسیع اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جب فائر بریگیڈ جائے وقوع میں داخل ہونے کی اجازت دے گا تو واقعے کی اصل وجہ کا درست تعین ممکن ہو سکے گا۔
دھماکا والڈوز نامی اسٹور میں شہر کے مرکزی علاقے میں ہوا۔
گورنر نے کہا کہ کوئی بھی اس دکھ کا سامنا اکیلا نہیں کرے گا، ابتدا ہی سے ہنگامی امداد، سیکیورٹی اور صحت کے اداروں نے انتہائی پیشہ ورانہ اور عزم کے ساتھ کام کیا، صورتحال پر قابو پایا اور جانیں بچائیں۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباوم نے ’ایکس‘ پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ میں ان تمام خاندانوں اور عزیزوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے سونورا کے گورنر الفونسو دورازو سے رابطہ کیا ہے، تاکہ ہر ممکن امداد فراہم کی جا سکے، میں نے وزیرِ داخلہ روزا ایسیلا رودریگیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کی مدد کے لیے ایک خصوصی ٹیم روانہ کریں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، دھماکے کے بعد کئی گاہک اسٹور کے اندر پناہ لینے کی کوشش کرتے ہوئے آگ میں پھنس گئے تھے، مقامی اخبارات میں شائع تصاویر میں دکھایا گیا کہ عمارت کا اگلا حصہ آگ سے سیاہ پڑ چکا ہے، اور کھڑکیاں ٹوٹ چکی ہیں۔
اخبار ایل یونیورسل نے بتایا کہ دھماکا دوپہر 2 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بجے) ہوا، جس کے بعد قریبی دکانوں نے اپنی سرگرمیاں بند کر دیں تاکہ آگ ان تک نہ پھیل سکے۔
مقامی حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حادثے کے مقام کے قریب جانے سے گریز کریں، اور اسی روز ’ڈے آف دی ڈیڈ‘ کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔












لائیو ٹی وی