• KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C
  • KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C

بشریٰ انصاری نے شوہر کے ساتھ کم وقت گزارنے کی وجہ بیان کردی

شائع November 2, 2025
—فوٹو: اسکرین گریب
—فوٹو: اسکرین گریب

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے شوہر کے ساتھ کم وقت گزارنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے شوہر دونوں بالغ ہیں اور ایک دوسرے سے زیادہ ڈیمانڈز نہیں کرتے، اس لیے اپنے مصروف شیڈول کے باوجود ایک دوسرے کی جگہ اور وقت کا احترام کرتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مداحوں کے اس سوال کا جواب دیا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ کم کیوں نظر آتی ہیں۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ وہ اور ان کے شوہر دونوں عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں وہ ایک دوسرے کو جگہ دینا جانتے ہیں اور غیر ضروری جھگڑوں یا شکایات سے گریز کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شادی کے وقت وہ اور ان کے شوہر دونوں اپنے اپنے ساتھ رہنے کے عادی ہوچکے تھے، انہیں اکیلے رہتے ہوئے دس سے بارہ سال ہو چکے تھے اور ان کے شوہر کو چار سے پانچ سال ہوچکے تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ اب وہ اس عمر میں نہیں ہیں کہ ایک دوسرے پر وقت نہ دینے یا پاس نہ بیٹھنے کے شکوے کریں، وہ دونوں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرتے ہیں اور کام کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

بشریٰ انصاری کے مطابق ان کے شوہر جب بھی ان کے ساتھ ہوتے ہیں، اکثر کچھ نہ کچھ لکھتے رہتے ہیں اور وہ سمجھتی ہیں کہ ہر کسی کا اپنا روٹین ہوتا ہے، جیسا کہ ان کا خود کا بھی ہے کہ وہ کام کرتی ہیں، تفریح کرتی ہیں یا گھومتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک دوسرے سے کوئی زیادہ ڈیمانڈز نہیں کرتے کیونکہ ہر شخص کے کام اور ذمہ داریاں مختلف ہوتی ہیں، جب بھی وہ باہر جاتی ہیں تو اکثر جاننے والے یہی پوچھتے ہیں کہ شوہر کو ساتھ کیوں نہیں لائیں، تو وہ جواب دیتی ہیں کہ شوہر کا اپنا کام ہوتا ہے اور وہ خود بھی کام کے ساتھ ساتھ تفریح کرتی ہیں، اس لیے زبردستی کسی کو ساتھ لے جانا درست نہیں۔

اداکارہ کے مطابق وہ جو وقت بھی ایک دوسرے کے ساتھ گزارتے ہیں، وہ تھوڑا ضرور ہوتا ہے لیکن بہت قیمتی اور خوشگوار ہوتا ہے، جس میں گفتگو اور باہمی سمجھوتہ شامل ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی معروف پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی، جو 36 سال بعد 2020 میں طلاق میں ختم ہوئی، ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

بعد ازاں اداکارہ نے اقبال حسین سے دوسری شادی کی۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025