• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

اینٹی ڈوپنگ خلاف ورزیاں: پاکستان ویٹ لفٹنگ کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد

شائع November 3, 2025
— فوٹو: پکسل ڈاٹ کام
— فوٹو: پکسل ڈاٹ کام

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے متعدد کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر پابندی عائد کر دی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پیر کو پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (پی ڈبلیو ایف) سے منسلک کئی کھلاڑیوں اور عہدیداروں پر عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) اور انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (آئی ٹی اے) کی تحقیقات کے بعد پابندیاں عائد کردیں، یہ کارروائی ’آپریشن جیسمن‘ کے تحت سامنے آنے والی ٹھوس اینٹی ڈوپنگ خلاف ورزیوں کے بعد کی گئی۔

پی ایس بی کے بیان کے مطابق جن افراد پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں شرجیل بٹ، عبدالرّحمن، غلام مصطفیٰ، فرحان مجید، حافظ عمران بٹ (سابق صدر پی ڈبلیو ایف)، عرفان بٹ (کوچ) اور وقاص اکبر (کوچ) شامل ہیں۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ ’کھلاڑیوں اور کوچز پر ان کی بین الاقوامی پابندیوں کی مکمل مدت تک کھیلوں میں حصہ لینے پر پابندی رہے گی، جبکہ عہدیداروں کو تمام کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں سے 4 سال کے لیے روکا جا رہا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہے‘۔

یہ فیصلہ 2021 سے شروع ہونے والے واقعات کے سلسلے کے بعد سامنے آیا، جب متعدد ایتھلیٹس نے ڈوپنگ ٹیسٹ دینے سے انکار کیا یا بعد میں ان کے ٹیسٹ مثبت آئے، جن کی معطلیاں 2025 کے اوائل میں کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ اینٹی ڈوپنگ ڈویژن نے برقرار رکھیں۔

’آپریشن جیسمن‘ واڈا اور آئی ٹی اے کی مشترکہ تحقیقات کا نام تھا، جس میں انکشاف ہوا کہ پاکستان کی نیشنل اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن کے کچھ عہدیداران نے ویٹ لفٹرز کو سیمپل دینے سے روکنے کی ہدایت کی، جبکہ بعض ممتاز پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹیسٹنگ سے پہلے بلاجواز پیشگی اطلاع دی گئی، جو عالمی اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی تھی۔

پی ایس بی نے کہا کہ پابندی کے شکار تمام افراد کسی بھی کھیلوں کی سرگرمی، عہدے یا پی ایس بی کی سہولتوں سے تاحکمِ ثانی استفادہ نہیں کر سکیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان، جو کھیلوں میں ڈوپنگ کے خلاف بین الاقوامی کنونشن کا دستخط کنندہ ہے، صاف ستھری مسابقت، دیانت داری اور ڈوپنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس کے عزم پر قائم ہے۔

نوٹیفکیشن کی نقول انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی)، اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے)، انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (آئی ڈبلیو ایف)، ایشین ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (اے ڈبلیو ایف)، واڈا، آئی ٹی اے، سی اے ایس، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور دیگر قومی و بین الاقوامی اداروں کو بھیج دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں نیشنل بینک آف پاکستان نے پی ایس بی کی درخواست پر معطل پی ڈبلیو ایف کا بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیا تھا، جبکہ فروری میں پی ایس بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کے باعث فیڈریشن کے انتخابات کالعدم قرار دیے تھے۔

گزشتہ سال نومبر میں پی ایس بی نے سنگین بے ضابطگیوں اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزیوں کے باعث پی ڈبلیو ایف کے امور چلانے کے لیے تین رکنی عبوری کمیٹی تشکیل دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025