• KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.1°C
  • LHR: Sunny 19.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.6°C

حبکو نے تھر میں بجلی گھروں کے منصوبے میں کلیدی سنگ میل حاصل کرلیا

شائع November 4, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) نے اعلان کیا ہے کہ تھر انرجی لمیٹڈ (ٹی ای ایل) اور تھل نوا پاور تھر (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ٹی این) کے قرض دہندگان نے 330 میگاواٹ کے 2 بجلی گھروں کی تکمیل کی تاریخ (پی سی ڈی) 31 اکتوبر مقرر کر دی ہے، جو ان کے قرض کے معاہدوں کے مطابق ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق حبکو نے اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی اطلاع میں بتایا کہ ٹی ای ایل اور ٹی این دونوں تھر میں کان کے قریب واقع کوئلے سے چلنے والے آزاد بجلی پیدا کرنے والے ادارے (آئی پی پیز) ہیں، ان میں سے ٹی ای ایل نے یکم اکتوبر 2022 کو اور ٹی این نے 17 فروری 2023 کو تجارتی بنیاد پر آپریشن شروع کیا تھا۔

حبکو کے مطابق کمپنی کا ٹی ای ایل میں 60 فیصد براہ راست حصہ ہے جبکہ ٹی این میں 38.3 فیصد بالواسطہ شیئر اس کی ذیلی کمپنی حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ کے ذریعے ہے، دونوں منصوبے سی پیک کے تحت ترجیحی حیثیت کے حامل ہیں۔

حبکو نے کہا کہ پی سی ڈی کی باضابطہ منظوری کمپنی کے لیے ایک اہم موقع ہے، کیونکہ اس سے ٹی ای ایل اور ٹی این کو اپنے شیئر ہولڈرز کو منافع (ڈویڈنڈ) دینے کی اجازت مل جائے گی، بشرطیکہ منافع دستیاب ہو اور تمام ریگولیٹری تقاضے پورے کیے جائیں۔

اٹک سیمنٹ کی خریداری

دوسری جانب فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایف سی سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ (اے سی پی ایل) میں انتظامی حصص حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جو وہ کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) کے ساتھ مل کر حاصل کرے گی۔

اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی اطلاع کے مطابق یہ خریداری اٹک سیمنٹ کے جاری اور ادا شدہ سرمائے کا 84.06 فیصد پر مشتمل ہوگی، جس سے فوجی سیمنٹ اور کیپکو کو کمپنی پر مشترکہ کنٹرول حاصل ہوگا۔

معاہدے کے تحت فوجی سیمنٹ 5 کروڑ 77 لاکھ 60 ہزار عام شیئرز خریدے گی، جو اٹک سیمنٹ کے 42.03 فیصد حصص کے برابر ہیں، جبکہ کیپکو اتنی ہی مقدار میں شیئرز حاصل کرے گی، یوں دونوں کمپنیاں مشترکہ طور پر اٹک سیمنٹ کی 84.06 فیصد ملکیت رکھیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025