عائزہ خان کی شوہر دانش تیمور سے رومانس نہ کرنے کا شکوہ کرنے کی ویڈیو وائرل
اداکارہ عائزہ خان کی جانب سے شوہر اداکار دانش تیمور سے آن اسکرین اور آف اسکرین رومانس نہ کرنے کا شکوہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
عائزہ خان کی جانب سے شوہر دانش تیمور سے شکوہ کرنے کی ویڈیو ایک تقریب کی ہے، جس میں دونوں اداکار بطور مہمان شریک ہوئے اور وہاں انہوں نے اسٹیج پر مداحوں کو بھی محظوظ کیا۔
اسٹیج پر مداحوں سے بات چیت کے دوران اداکارہ عائزہ خان نے پنڈال میں موجود افراد سے سوال کیا کہ انہوں نے کبھی دانش تیمور کو ان کے ساتھ آن اسکرین رومانس کرتے دیکھا ہے؟
اداکارہ کے سوال پر پنڈا میں موجود افراد نے نفی میں جواب دیا، جس پر اداکارہ نے ان سے پوچھا کہ انہوں نے ان کے شوہر کو دوسری اداکاراؤں کے ساتھ تو آن اسکرین رومانس کرتے دیکھا ہی ہوگا؟
عائزہ خان کے سوال پر پنڈال میں موجود افراد نے ہاں میں جواب دیا، جس پر دانش تیمور نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیگم کے ساتھ آف اسکرین گھر پر رومانس کرتے ہیں۔
شوہر کی بات پر عائزہ خان نے مزید کہا کہ وہ دوسری اداکاراؤں سے اتنی شدت سے پیار کرتے ہیں لیکن ان سے پیار نہیں کر رہے۔
عائزہ خان نے مزید کہا کہ وہ نہ صرف دانش تیمور کی بیوی ہیں بلکہ اداکارہ بھی ہیں اور اداکارہ ہونے کے ناطے وہ ان سے آن اسکرین اسٹیج پر بھی رومانس کر سکتے ہیں، جس پر دانش تیمور نے کہا کہ وہ ان کے ساتھ بطور اداکار بھی کام اور رومانس کر چکےہیں۔
شوہر کی بات پر عائزہ خان نے مداحوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دانش تیمور بات کو گھما رہے ہیں اور بہت زیادہ گھما رہے ہیں، جس پر اداکار نے مداحوں سے سوال کیا کہ آخر وہ کیا چاہتے ہیں؟ کیا وہ چاہتے ہیں کہ وہ عائزہ خان کو سب کے سامنے ’آئی لو یو‘ بولیں۔
اداکار کی بات پر پنڈال میں موجود افراد نے خوش ہوکر کہا کہ وہ یہی سننا چاہتے ہیں جب کہ عائزہ خان بھی ان کی بات پر مسکرائیں۔
دانش تیمور نے پنڈال میں موجود مداحوں کا جوش دیکھتے ہوئے مزید کہا کہ آپ لوگ عائزہ خان سے دوبارہ ابھی شادی کروانا چاہتے ہیں۔
اسی دوران عائزہ خان نے کہا کہ ’آئی لو یو‘ بھی کہنا چاہیے اور رومانس بھی کرتے رہنا چاہیے، لوگوں کے سامنے بھی، آف اسکرین بھی، اس سے پیار بھڑتا ہے۔
ان کی بات پر دانش تیمور نے کہا کہ ’لو یو‘ کا لفظ انسان کے دل میں ہونا چاہیے اور یہ احساس اندر ہی ہونا چاہیے، اس سے عزت اور محبت بڑھتی ہے۔
دونوں اداکاروں کی اسٹیج پر ایک دوسرے سے رومانوی گفتگو کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے اور زیادہ تر صارفین نے لکھا کہ ’فی الحال دانش تیمور موڈ میں نہیں ہیں‘۔












لائیو ٹی وی