کراچی: ڈمپر حادثے کے بعد مشتعل ہجوم پر فائرنگ کرنے والا لیاقت محسود کا گن مین گرفتار

شائع November 5, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز / اسکرین گریپ
— فوٹو: ڈان نیوز / اسکرین گریپ

کراچی پولیس نے گارڈن کے علاقے میں ہیوی ٹریفک سے نوجوان کی موت کے بعد ڈمپر کو آگ لگانے والے شہریوں پر فائرنگ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس کی شناخت لیاقت محسود کے گن مین کے طور پر ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نشتر روڈ پر رامسوامی کے علاقے میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 23 سالہ شہزیب شاہد جاں بحق اور اس کی اہلیہ مصباح زخمی ہوگئی تھیں۔

جس کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی تھی، اس دوران آل ڈمپر ٹرک اونرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر لیاقت محسود مسلح گارڈ کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے، جنہیں دیکھ کر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا تھا۔

دریں اثنا، ڈمپر حادثے اور فائرنگ کا مقدمہ عبدالقادر میمن کی مدعیت میں گارڈن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے بدھ کو بتایا کہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت لیاقت محسود کے ایک گن مین کے طور پر ہوئی ہے، اُس پر مشتعل مظاہرین پر فائرنگ کرنے کا الزام ہے۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جب کہ ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی پر مقدمہ

دوسری جانب، گارڈن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق ایم پی اے کامران فاروقی کے خلاف لیاقت محسود کو دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

یہ مقدمہ ریاست کی جانب سے ایک پولیس افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 506-بی (ایسی مجرمانہ دھمکی دینا جس سے موت یا شدید نقصان کا خطرہ ہو) شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق، شکایت کنندہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) راؤ محمد شاہ رخ نے بیان دیا کہ وہ 4 نومبر کو اپنے دفتر میں موجود تھے، جب شام 6 بجے اُنہیں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نظر آئی۔

اے ایس آئی کے مطابق ویڈیو میں کامران فاروقی نامی شخص کہتا ہے ’یہ بدبخت شخص آج خوش قسمت تھا کہ چند لمحے پہلے ہی وہاں سے چلا گیا، ورنہ اپنی گاڑی سمیت جل کر مر جاتا، یہ عوامی ردعمل ہے‘۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ ویڈیو کے ساتھ لکھے گئے متن میں بھی یہی کہا گیا کہ محسود خوش قسمت تھا کہ بچ گیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ کامران فاروقی نے سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلائی اور ڈمپر ایسوسی ایشن کے سربراہ کو دھمکیاں دیں۔

پولیس افسر کے مطابق، سابق رکن اسمبلی نے پیکا اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت قابلِ گرفت جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025