لاہور میں پالتو جانوروں کی مارکیٹ کے انہدام پر ژالے سرحدی کا سخت ردعمل
اداکارہ ژالے سرحدی نے لاہور میں داتا دربار کے قریب پالتو جانوروں کی مارکیٹ کے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے انہدام کے بعد شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اس واقعے پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ دنوں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے داتا دربار کے قریب واقع پالتو جانوروں کی مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران درجنوں دکانیں مسمار کیں۔
سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں دکانداروں کا دعویٰ تھا کہ بلڈوزر چلائے جانے سے پہلے انہیں اپنی دکانوں سے سامان نکالنے کا موقع نہیں دیا گیا، جب کہ بعض نے الزام لگایا کہ دکانوں میں موجود پرندے اور جانور ملبے تلے دب گئے۔
اگرچہ کچھ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مارکیٹ میں موجود دکاندار جانوروں کو ملبے سے نکال رہے ہیں، لیکن ایل ڈی اے کے ترجمان نے اس بات کی تردید کی کہ آپریشن کے دوران کوئی جانور یا پرندہ ہلاک ہوا۔ ان کے مطابق یہ خبر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر شدید غصہ اور دکھ کا اظہار کیا گیا اور اسے ظالمانہ اور غیر انسانی قرار دیا گیا۔
ژالے سرحدی نے اس حوالے سے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد انہوں نے پوری کوشش کی کہ بغیر روتے ہوئے ویڈیو بنا سکیں، مگر یہ ممکن نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ پالتو جانوروں کی مارکیٹ میں ہوا، وہ ان کے لیے بالکل سمجھ سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے یہ غیر قانونی زمین تھی، اس کو خالی کروانا ایل ڈی اے کی ذمہ داری تھی، اگر انہیں وہاں چیزیں توڑنی یا تشدد کرنا تھا، تو پہلے اسے خالی کروانا بھی ان کی ذمہ داری تھی، لیکن اس کے بجائے بے زبان جانوروں کو بغیر کسی وجہ کے ملبے تلے دفن کر دیا گیا۔
ژالے سرحدی نے کہا کہ حکام نے خود غلطی کی ہے، وہاں دوبارہ تعمیرات ہو سکتی ہیں، لیکن جو ہوا اسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا کیونکہ کئی زندگیاں ختم ہو چکی ہیں اور شاید جن لوگوں نے جانور مارے، انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ وہ کبھی خدا کے سامنے آئیں گے۔
اداکارہ نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افراد کو جواب دہ ٹھہرایا جائے، ان کے خلاف قوانین بنائے جائیں اور انہیں لاگو کیا جائے، انہیں جیل بھیجا جائے اور سزا دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف اختیار ہونے کی وجہ سے لوگ یہ سب کر رہے ہیں اور یہ سب بغیر سوچے سمجھے کیا جا رہا ہے۔
ژالے سرحدی نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ معصوم جانوروں کی جانیں کیوں لی گئیں، ہم اسرائیل پر لعنت بھیج رہے ہیں، مگر ہم بھی معصوم جانوروں کو بغیر کسی وجہ کے مار کر یہی کر رہے ہیں، یہ وہ کچھ تھا جو روکا جا سکتا تھا۔
اداکارہ نے وفاقی حکومت، تمام ذمہ دار افراد اور جانوروں کے حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔












لائیو ٹی وی