شوہر نے طلاق نہیں دی تھی، میں نے خلع لی تھی، سلمیٰ حسن کا انکشاف
سینئر اداکارہ سلمیٰ حسن نے طلاق کے کئی سال بعد انکشاف کیا ہے کہ شوہر نے انہیں طلاق نہیں دی تھی، انہوں نے خلع لیا تھا۔
اداکارہ نے حال ہی میں سماء ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی ختم ہونے پر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے شادی ختم کی تھی۔
اداکارہ کے مطابق چوں کہ وہ ایک بیٹی کی ماں تھیں، اس لیے وہ اپنی بیٹی کے مستقبل اور بہتر پرورش کے لیے شادی کو ختم کرنے پر مجبور ہوئیں، کیوں کہ وہ بیٹی کو اچھا سبق دینا چاہتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بیٹی فاطمہ کو یہ سمجھانا چاہتی تھیں کہ اگر وہ کبھی ان کے ساتھ رہنے اور محبت کرنے والا شخص ان کے بجائے کسی اور کا انتخاب کرتا ہے تو اسے بھی اپنے لیے اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹی کو اعتماد دینے، اپنے لیے اٹھ کھڑے ہونے اور سبق دینے کے لیے انہوں نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
سلمیٰ حسن کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے نہیں انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے شوہر کو چھوڑا تھا۔
اداکارہ نے شادی ختم کرنے کے سبب پر ذو معنی الفاظ میں بتایا کہ ان کے شوہر نے کسی اور کا انتخاب کرلیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے شوہر نے کس اور کیوں انتخاب کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ شادی ختم نہ کرتیں تو اپنے شوہر اظفر علی اور بیٹی فاطمہ کو بھی تکلیف دیتیں، اس لیے انہوں نے اس وقت شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ کے مطابق انسان کو کچھ معاملات پر سمجھوتے نہیں کرنے چاہیے اور یہ کہ اپنے بچوں کو بھی اپنے طرز زندگی سے سبق سکھانا چاہیے۔
سلمیٰ حسن کا کہنا تھا کہ ان کی عادت ہے کہ وہ اب بھی بیٹی کو یہی ہدایت کرتی رہتی ہیں کہ اگر ان کے کسی دوست سے اختلافات ہیں یا کسی اور سے کوئی مسئلہ ہے تو اسے حل کرکے آگے بڑھو۔
سلمیٰ حسن ماضی میں بھی طلاق اور شادی ختم ہونے کے معاملے پر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ شادی ختم ہونے کے بعد اعتماد میں کمی ہونے کی وجہ سے انہوں نے آج تک دوسری شادی نہیں کی۔
انہوں نے ساتھی اداکار اظفر علی سے شادی کی تھی جو 2012 میں طلاق پر ختم ہوئی، انہیں جواں سالہ بیٹی بھی ہے۔
شادی ختم ہونے کے بعد ان کے شوہر اظفر علی نے اداکارہ نوین وقار سے شادی کی تھی لیکن وہ شادی بھی طلاق پر ختم ہوگئی تھی اور اظفر علی بھی ماضی میں بتا چکے ہیں کہ دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہونے کے بعد انڈسٹری نے انہیں کام دینا بند کردیا تھا۔












لائیو ٹی وی