مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو کو سینما ہالز میں فلم شائقین کی کمی پر تشویش
مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے سینما ہالز میں فلمی شائقین کی کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فلموں کو تشدد اور مسائل کی تشخیص کا ذریعہ بھی قرار دیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پوپ لیو نے 17 نومبر 2025 کو ویٹیکن سٹی میں ہولی وڈ کے مشہور اداکاروں اور فلم سازوں کے ساتھ خصوصی ملاقات کی، جہاں انہوں نے فلموں کی صنعت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سنیما ہالز میں ناظرین کی کمی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
پوپ لیو سے ملاقات کرنے والی شخصیات میں آسٹریلوی اداکارہ کیٹ بلانشٹ، مونیکا بیلانچی، کرس پائن، ویگو مارٹینسن جبکہ ڈائریکٹرز میں امریکی فلم ساز اسپائیک لی، گس وین سینٹ اور سیلی پوٹر شامل تھے۔
ملاقات کے اختتام پر تمام مہمانوں نے ایک ایک کرکے پوپ سے تنہائی میں ملاقات بھی کی اور کچھ شخصیات نے پوپ کو خصوصی تحائف بھی پیش کیے۔
فلم ساز اسپائیک لی نے پوپ کو نیویارک نکس باسکٹ بال ٹیم کی ایک شرٹ بطور تحفہ دی جس پر ’پوپ لیو 14‘ لکھا تھا۔
شوبز شخصیات سے ملاقات کے دوران خطاب میں پوپ لیو نے کہا کہ سنیما موجودہ عالمی عدم یقینی صورتحال اور ڈیجیٹل بمباری کے دور میں امید کی کرن ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سنیما ہالز کو شہروں اور محلات سے ہٹایا جا رہا ہے، جو ایک پریشان کن رجحان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سنیما محض حرکت پذیر تصاویر کا نام نہیں بلکہ امید کو حرکت میں لانے والا ذریعہ ہے اور یہ سنیما ہال میں داخل ہونا ایک دہلیز عبور کرنے جیسا ہے، جہاں تخیل پھیلتا ہے اور درد کو نئی معنی ملتی ہے۔
پوپ لیو نے فلم سازوں کو سست روی، خاموشی اور فرق کی حفاظت کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ اچھی فلم تشدد، جنگ، غربت اور تنہائی جیسے مسائل نہیں بلکہ تشخیص اور حل تلاش کرتی ہے۔
پوپ لیو سے شوبز شخصیات کی ملاقات کا مقصد سنیما کی 130ویں سالگرہ منانا تھا، جو 2025 میں مکمل ہو رہی ہے۔
اس موقع پر پوپ لیو نے اپنی پسندیدہ فلمیں بھی شیئر کیں جن میں ’دی ساؤنڈ آف میوزک، اٹس اے ونڈرفل لائف،آرڈینری پیپل اور لائف از بیوٹی فل‘ شامل ہیں۔












لائیو ٹی وی