صبا قمر سے دشمنی نہیں، میڈیا ہمارے درمیان جان بوجھ کر مقابلے یا دشمنی کا تاثر دیتا ہے، ماہرہ خان
اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ میڈیا جان بوجھ کر ان کے اور صبا قمر کے درمیان مقابلے یا دشمنی کا تاثر دینے کی کوشش کرتا ہے، حالانکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں ’گپ شپ وِد واسع چوہدری‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے ڈراما ’ہمسفر‘ کے دوران فواد خان سے اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں کہا کہ اس وقت بھی وہ کم بولتے تھے اور اب بھی کم بولتے ہیں۔
ان کے مطابق لوگوں کا یہ تصور کہ فواد خان مغرور ہیں یا ان کا رویہ بدل گیا ہے، درست نہیں کیونکہ وہ شروع سے ہی ایسے ہیں۔
ماہرہ خان نے میڈیا میں صبا قمر کے ساتھ اپنے موازنوں کے حوالے سے کہا کہ وہ صبا قمر کی بہت عزت کرتی ہیں اور انہیں ایک شاندار اداکارہ سمجھتی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ دو کامیاب خواتین کے درمیان جان بوجھ کر مقابلہ یا دشمنی کا تاثر پیدا کیا جاتا ہے، حالانکہ ان کے درمیان ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ابھی تک انہوں نے صبا قمر کے ساتھ کام نہیں کیا، لیکن اگر کبھی انہیں صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ یقیناََ خوشگوار اور کامیاب تجربہ ہوگا۔
واضح رہے کہ 2019 میں بھی ایسی کئی افواہیں سامنے آئیں تھیں کہ صبا قمر اور ماہرہ خان ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتی، تاہم صبا قمر نے اس تاثر کو مسترد کیا تھا اور اب ماہرہ خان نے بھی اس تاثر کی تردید کر دی ہے۔












لائیو ٹی وی