آریانا گرانڈے کو بھیڑ میں دبوچنے والے شخص کو سزا
معروف امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے کو تقریب کے دوران سیکیورٹی حصار توڑ کر دبوچنے والے شخص کو قید کی سزا سنا دی گئی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سنگاپور کی عدالت نے آسٹریلوی شہری کو آریانا گرانڈے کو دوڑ کر دبوچنے والے شخص کو 9 دن قید کی سزا سنادی۔
مذکورہ واقعہ فلم ’وِکڈ: فار گُڈ‘ کے پریمیئر کی تقریب کے دوران پیش آیا تھا، جہاں ایک شخص نے سیکیورٹی حصار توڑ کر آریانا گرانڈے کو دوڑ کر گلے لگانے کی کوشش کی، اس دوران انہوں نے گلوکارہ کو دبوچا۔
سنگاپور کی ضلعی عدالت نے 17 نومبر آسٹریلوی شہری 26 سالہ جانسن وین کو عوام کو پریشان کرنے کے الزام میں مجرم ٹھہراتے ہوئے انہیں سزا سنائی۔
عدالت کے مطابق مجرم کا عمل منصوبہ بندی سے کیا گیا اور اس نے عوامی مقام پر موجود افراد کی حفاظت کو خطرے میں ڈالا۔
آریانا گرانڈے کو دبوچنے کا واقعہ گزشتہ ہفتے یونیورسل اسٹوڈیوز سنگاپور میں فلم کی افتتاحی تقریب کے دوران پیش آیا تھا، جہاں اداکارہ اور دیگر ہولی ووڈ اسٹارز بھی موجود تھے۔
عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق مجرم نے سیکیورٹی حصار پر چھلانگ لگا کر آریانا گرانڈے کے گرد بازو پھیر کر انہیں گلے لگانے کی کوشش کی لیکن جلد ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں پکڑ لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مجرم کو مسکراتے ہوئے آریانا گرانڈے کی جانب بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے ۔
سنگاپور قانون کے تحت ’عوامی پریشانی‘ کی سزا میں زیادہ سے زیادہ تین ماہ قید یا 1,500 ڈالر جرمانہ یا دونوں سزائیں شامل ہو سکتی ہیں مگر عدالت نے مجرم کو 9 دن قید کی سزا دی، وین پہلے سے ہی چار دن سے قید میں تھے، وہ مزید پانچ دن جیل میں گزاریں گے۔












لائیو ٹی وی