ماسکو میں ایس سی او اجلاس میں شرکت کے بعد اسحٰق ڈار آج بیلجیئم روانہ ہوں گے
ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے بعد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار بیلجیئم روانہ ہوں گے، جہاں وہ 3 روزہ دورے کے دوران پاکستان اور یورپی یونین (ای یو) کے درمیان ساتویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔
بدھ کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ دونوں جانب کے درمیان ادارہ جاتی نوعیت کا سب سے اعلیٰ سطح کا رابطہ ہے، وزیر خارجہ ڈار ماسکو میں ایس سی او اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لیے موجود تھے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق ڈار 19 نومبر (آج) سے 21 نومبر (جمعہ) تک برسلز کا دورہ کریں گے، جہاں وہ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی، کاجا کالاس کی دعوت پر پاکستان-یورپی یونین کے ساتویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
دفترِ خارجہ نے بتایا کہ ڈائیلاگ میں 2019 کے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تمام شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔
برسلز میں نائب وزیراعظم چوتھے ای یو انڈو۔پیسیفک وزارتی فورم میں بھی شرکت کریں گے، جو اگلے دو روز تک جاری رہے گا اور جس کی صدارت کالاس کریں گی۔
دفترِ خارجہ کے مطابق انڈو۔پیسیفک وزارتی فورم کے علاوہ بھی ’یورپی یونین کے سینئر حکام کے ساتھ متعدد دوطرفہ ملاقاتیں اور مصروفیات‘ طے ہیں۔
دفترِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ڈار کا یہ دورہ پاکستان-یورپی یونین تعلقات میں ایک ’اہم سنگ میل‘ کی حیثیت رکھتا ہے، اور اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ اسلام آباد یورپی یونین کے ساتھ ’جامع اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری‘ کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
دفترِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ روس سے روانہ ہوتے ہوئے ڈار نے ایس سی او اجلاس کی گرمجوش میزبانی اور کامیاب انعقاد پر میزبان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ماسکو میں پاکستانی سفارت خانے اور دفترِ خارجہ کی ٹیموں کی جانب سے دورے کی سہولت کاری پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
ڈار کی روسی وزیر خارجہ اور قطری وزیراعظم سے ملاقاتیں
آج دفترِ خارجہ نے بتایا کہ ڈار نے ماسکو میں ایس سی او کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹس (سی ایچ جی) کے 24ویں اجلاس کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کی۔
دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق، دونوں جانب نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور موجودہ مثبت پیشرفت پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈار نے اجلاس کی کامیاب میزبانی پر لاروف کو مبارک باد دی اور دونوں ممالک کی قیادت اور ادارہ جاتی طریقہ کار کی اہمیت کو سراہا، جو دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔
دفترِ خارجہ نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، اقوام متحدہ اور ایس سی او سمیت کثیرالجہتی فورمز پر بہترین ہم آہنگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اس تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم کیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق ڈار نے قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کے ساتھ سی ایچ جی اجلاس کے موقع پر ’غیر رسمی گفتگو‘ بھی کی۔
بیان کے مطابق، دونوں وزرا نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کی ترجیحات پر گفتگو کی۔
چینی وزیراعظم اور وسطی ایشیائی رہنماؤں سے ملاقاتیں
دفترِ خارجہ نے متعدد پوسٹس میں بتایا کہ ڈار نے روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن اور چینی وزیراعظم لی چیانگ سے بھی ملاقاتیں کیں، جہاں رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کرغزستان کے چیئرمین آف کابینہ آف منسٹرز اور صدر کے دفتر کے سربراہ عدیل بیک کاسیمالیف سے بھی ملاقات کی، اور ایس سی او ہیڈز آف اسٹیٹ کی سربراہی سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔
دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کی اہمیت اجاگر کی اور ایس سی او کی سرگرمیوں کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا، ساتھ ہی کرغزستان کی باری باری صدارت سنبھالنے پر گفتگو کی۔
ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عریپوف سے ملاقات کے دوران، ڈار نے پاکستان-ازبکستان تعلقات میں مثبت رفتار کی تعریف کی اور اعلیٰ سطح کے روابط اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق، ڈار نے تاجکستان کے وزیراعظم کوہیر رسولزودا سے بھی ملاقات کی اور انہیں آئندہ سی ایچ جی اجلاس کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔













لائیو ٹی وی