دوسرا ٹیسٹ: متھو سوامی کی سنچری، یانسن کی دھواں دار اننگز، جنوبی افریقہ کا بھارت کیخلاف پلڑا بھاری
سینوران متھو سوامی کی پہلی ٹیسٹ سنچری اور مارکو یانسن کی کیریئر کی بہترین 93 رنز کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 489 رنز بنا کر بھارت کیخلاف اپنا پلڑا بھاری کر لیا ہے۔
گوہاٹی میں جاری سیریز کے آخری مقابلے کی ایسی پچ، جہاں پر باؤلرز کو بہت کم مدد مل رہی تھی، جنوبی افریقی ٹاپ آرڈر اچھی شروعات فراہم کرنے میں ناکام رہے، تاہم ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے متھو سوامی نے پرسکون انداز میں 109 رنز بنا کر لوئر آرڈر کے ساتھ مل کر شاندار پیش قدمی کی۔
بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 10 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے، انہوں نے پہلے کائیل ویرائن کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور پھر نویں نمبر پر آنے والے مارکو یانسن کے ساتھ جارحانہ شراکت قائم کی جس نے میچ کا رخ موڑ دیا۔
جب خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل روکا گیا تو بھارت نے بغیر نقصان کے 9 رنز بنائے تھے اور میزبان ٹیم 480 رنز سے پیچھے تھی۔
اپنی اننگز کے بارے میں متھو سوامی نے کہا کہ بھرے ہوئے اسٹیڈیم کے سامنے یہ اننگز واقعی بہت خاص لمحہ تھا، میں خوش ہوں کہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی دکھا سکا اور پہلی اننگز میں بڑا اسکور بنانے میں مدد کی، جو ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے مارکو یانسن کی پاور ہٹنگ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ ناقابلِ یقین تھا، یہ واقعی شاندار بلے بازی تھی۔
بھارت کے اسپنرز پر مشتمل بولنگ اٹیک کو توقع تھی کہ لوئر مڈل آرڈر کے خلاف صورتحال آسان ہو جائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا کیونکہ متھو سوامی نے ایک فرنٹ لائن بیٹر جیسا اعتماد دکھایا، جبکہ کائیل ویرائن نے 45 رنز بنا کر اُن کا بھرپور ساتھ دیا۔
دوسری جانب مارکو یانسن نے چھکوں کی بارش شروع کر دی، لمبے قد کے بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 7 چھکے لگائے اور 100 کی اوسط سے کھیلتے ہوئے متھو سوامی کے ساتھ 97 رنز کی شراکت بنائی، جس نے بھارتی ٹیم کو تھکا کر رکھ دیا۔
محمد سراج نے متھو سوامی کو باونسر پر آؤٹ کیا جبکہ سائمن ہارمر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے، مارکو یانسن جنوبی افریقہ کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر تھے۔
مارکو یانسن پہلی ٹیسٹ سنچری سے محروم رہ کر واضح طور پر مایوس دکھائی دیے اور آؤٹ ہونے کے بعد کچھ دیر تک وکٹوں کو دیکھتے رہے۔












لائیو ٹی وی