پاکستان شاہینز، بنگلہ دیش اے کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر ایشین چیمپئن بن گئی
ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش ’اے‘ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ایشین ٹائٹل جیت لیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا، پاکستان شاہینز کے 125 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش ’اے‘ ٹیم بھی مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز ہی بنا سکی۔
سپر اوور میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 رنز بنائے، جواب میں پاکستان ٹیم نے ہدف چوتھی ہی گیند پر حاصل کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
قبل ازیں، پاکستان شاہینز نے فائنل مقابلے کی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن کیا اور پہلی گیند پر یاسر خان غیر ضروری رنز لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔
2 رنز پر محمد فائق کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان ٹیم سنبھل نہ سکی اور شاہینوں کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور بیٹرز پویلین واپس لوٹتے رہے۔
مقررہ 20 اوورز میں پاکستان ٹیم نے 125 رنز بنائے اور تمام 10 وکٹیں بھی گنوا دیں۔
سعد مسعود 38 اور عرفات منہاس 25 اور معاذ صداقت 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ریپون منڈول نے 3 اور رقیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، 3 باؤلرز کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اننگز کی آغاز کے ساتھ ہی پریشر میں نظر آئی، بنگال ٹائیگرز کے بیٹرز کی وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے آسان ہدف کو بھی مشکل بنا دیا۔
53 کے مجموعے پر 7 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جیت واضح دکھائی دینے لگی تھی تاہم رقیب الحسن کے 24، عبدالغفار کے 16 اور ریپون منڈول کے 11 رنز نے میچ کو سپر اوور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر صفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2،2 شکار کیے جب کہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔














لائیو ٹی وی