• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

پی اسی ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز نے بھی 10 سالہ معاہدے کی تجدید کردی

شائع November 25, 2025
— فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز / ایکس
— فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز / ایکس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز نے بھی لیگ کے ساتھ 10 سالہ معاہدے کی تجدید کردی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی سالانہ فیس لگ بھگ 34 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، دونوں پارٹیز نے ویلیوایشن کے بعد نئے معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے اور اگلے 10 سال تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اونر شپ ندیم عمر کے پاس ہی رہے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے معاہدے کی تجدید پر مسرت کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کی پی ایس ایل کےلیے خدمات قابلِ ستائش ہیں، ان کے اعتماد کا اظہار پی ایس ایل کی بڑھتی ساکھ کا ثبوت ہے۔

دوسری جانب، کراچی کنگز نے بھی دس سال کے لیے پی ایس ایل فرنچائز معاہدے کی تجدید کر دی، معاہدے کی تجدید ای اینڈ وائی مینا کی مقرر کردہ مارکیٹ ویلیو پر ہوئی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز نے لیگ کے وقار میں اضافے کیلئے اہم کردار ادا کیا، کراچی کنگز کی جانب سے معاہدے کی تجدید لیگ کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ اگلی دہائی میں بھی کراچی کنگز کے ساتھ کام کرنا ایک اعزاز ہوگا، کراچی کنگز 2020 کی پی ایس ایل چیمپئن تھی اور، اب بھی مقبول ترین فرنچائز ہے۔

اس سے قبل، پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی موجودہ مینجمنٹ اور مالکان نے اگلے 10 سال کے لیے ٹیم کے حقوق خریدے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز کے درمیان 2015 میں 10 سالہ معاہدہ ہوا تھا، ابتدائی طور پر 5 فرنچائزز سے معاہدہ ہوا اور 2 سال بعد ملتان سلطانز کا بھی اضافہ کیا گیا۔

10 سال مکمل ہونے پر دسمبر 2025 میں معاہدے ختم ہوگئے، ان 10 سالوں میں فیس کی مد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اب ہر فرنچائز کی قیمت میں ایک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 10 سال مکمل ہونے کے بعد آزاد کمپنی سے تمام ٹیموں کی ویلیوایشن کرائی۔

لاہور قلندرز کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا اور اب وہ سالانہ 67 کروڑ روپے پی سی بی کو دیں گے، کراچی کنگز کو 64 اور پشاور زلمی کو 49 کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ 48 کروڑ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 34 کروڑ روپے سالانہ دے گی، تمام فرنچائزز نے اپنے معاہدے قبول کرلیے ہیں۔

دوسری جانب، پی سی بی نے ملتان سلطانز کو اختلافات کے بعد نیا کنٹریکٹ ہی نہیں بھیجا اور لگتا یوں ہے کہ جیسے پی ایس ایل الیون میں ملتان سلطانز کے بھی نئے مالک سامنے آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025