عاصم اظہر نے اپنا پہلا سولو میوزک ایلبم ریلیز کردیا
معروف گلوکار عاصم اظہر نے کئی سال تک تنہا اور دوسرے گلوکاروں کے ساتھ گانے ریلیز کرنے کے بعد بالآخر اپنا پہلا سولو میوزک ایلبم ریلیز کردیا۔
عاصم اظہر نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں بتایا تھا کہ وہ اپنی 29 ویں سالگرہ کے موقع پر 24 نومبر کو پہلا سولو ایلبم ریلیز کرنے جا رہے ہیں۔
اب گلوکار نے اپنے پہلے ایلبم کی آڈیو ریلیز کردیں، تاہم فوری طور پر ان کی ویڈیوز کو ریلیز نہیں کیا گیا۔
عاصم اظہر نے ایلبم کا نام بھی ’عاصم علی‘ رکھا ہے اور اس میں 10 گانے شامل ہیں، جن کی شاعری انہوں نے خود لکھی ہے۔
بعض گانوں میں ریپر طلحہٰ انجم اور میوزیکل بینڈ اسٹرینجر نے ان کا ساتھ دیا ہے، ان کے ایلبم کو کمیل عباس نے پروڈیوس کیا ہے۔
جہاں عاصم اظہر نے گانوں کی شاعری لکھی ہے، وہیں انہوں نے ایلبم کو کمپوز بھی کیا ہے جب کہ مکسنگ جوکھے اور ماسٹرڈ روشان نے کی ہے۔
10 ٹریک پر مشتمل البم ’عاصم علی‘ میں ’عاصم علی‘، ’خبّے سجے‘، ’نا جا‘، ‘چینجز‘، ’لوسٹ اینڈ فاؤنڈ‘، ’شوگر رش‘، ’جند ماہی‘، ’پری‘، ’یو گاٹ دس‘ اور ’اسٹرینجرز‘ شامل ہیں۔
یہ البم عاصم اظہر کا پہلا انڈیپنڈنٹ میوزک البم ہے، اس سے پہلے وہ بڑے لیبلز کے تحت ہٹ سنگلز اور کولیبوریشنز کر چکے ہیں اور یہ قدم ان کی تخلیقی اور ذاتی آزادی کی نمائندگی کرتا ہے۔
گلوکار نے اپنے یوٹیوب چینل پر تمام گانوں کو ریلیز کیا جب کہ انسٹاگرام پر والدہ کے ہمراہ ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے والدہ کو اپنا میوزک ایلبم بھی سنایا۔












لائیو ٹی وی