آسٹریلیا کے ویزے کیلئے اب ایپ کے ذریعے درخواست دی جاسکے گی
آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ ویزا کے درخواست گزار اب آسٹریلین اِمی ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جو انہیں اپنے فون کے ذریعے چہرے کی بائیومیٹرک معلومات اور پاسپورٹ کی تفصیلات براہِ راست جمع کرانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹِم کین نے لکھا کہ پاکستان سے ویزا کے لیے درخواست دینا ’اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے‘، اور ساتھ ہی آسٹریلیا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کی ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا۔
ویب سائٹ کے مطابق، امّی ایپ (Immi App)، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر دستیاب ہے، اہل درخواست گزاروں کو اپنے پاسپورٹ کی تفصیلات اور چہرے کی تصویر فراہم کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
آسٹریلیا کے محکمۂ داخلہ نے کہا کہ Australian Immi App کے ذریعے اپنی شناختی معلومات فراہم کرنے کے لیے، آپ کے پاس بائیومیٹرکس فراہم کرنے کی ضرورت سے متعلق خط ہونا چاہیے، جس میں AUI یا AUH سے شروع ہونے والا ویزا لاجمنٹ نمبر (VLN) اور ایک درست پاسپورٹ شامل ہو۔‘‘
اس میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کے موبائل ڈیوائس میں لوکیشن ایکسیس اور نیئر فیلڈ کمیونیکیشن (این ایف سی) فعال ہونا ضروری ہے، اور ایپ کو کیمرہ استعمال کرنے کی اجازت بھی دی جانی چاہیے۔
بائیومیٹرک شناختی تصدیق انجام دینے کے لیے پانچ مراحل پر مشتمل رہنما ہدایت نامہ بھی شیئر کیا گیا۔
ویب سائٹ میں بتایا گیا کہ ’Australian Immi App آپ کی پاسپورٹ کی تفصیلات اور چہرے کی تصاویر ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کو بھیجے گی،‘ اور مزید کہا گیا کہ اگر کوئی خرابی نہ ہو تو درخواست گزار کا اکاؤنٹ 24 گھنٹے کے اندر اپ ڈیٹ ہو جانا چاہیے۔












لائیو ٹی وی