کراچی: ڈولمن مال میں آٹزم کے شکار بچے کو پلے ایریا میں داخلے سے روکا گیا، والدہ کی شکایت
کراچی کے ڈولمن مال میں ایک آٹزم کے شکار 9 سالہ بچے کو پلے ایریا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، جس پر والدہ نے انتظامیہ کے رویے کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہو رہی ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک خاتون دعویٰ کر رہی ہیں کہ ڈولمن مال کلفٹن کی سندباد انتظامیہ نے ان کے 9 سالہ بیٹے کو بچوں کے پلے ایریا میں داخل ہونے سے روک دیا۔
خاتون کے مطابق ان کا بیٹا آٹزم کا مریض ہے، جب کہ پلے ایریا میں بچوں کے لیے عمر کی حد پانچ سال مقرر ہے۔
ان کا بیٹا ذہنی طور پر 3 سال کا ہے اور اس کی ذہنی حالت کو دیکھتے ہوئے وہ اپنے بیٹے کو کبھی بھی ایسی جگہ پر اکیلا نہیں چھوڑتیں کہ کہیں وہ کسی دوسرے بچے کو پریشان نہ کرے اور خود اس کی ذمے داری لیتی ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ مال کے اسٹاف نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور ٹکٹ کی رقم واپس کرنے سے بھی انکار کر دیا اور ان کے بیٹے کو پلے ایریا میں جانے کی اجازت نہیں دی، حالانکہ وہ وہاں کسی بھی قسم کی افراتفری پیدا کرنے نہیں جا رہا تھا۔
خاتون نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکام کو اسپیشل بچوں کے لیے پارکس بنانے چاہئیں، کیونکہ نہ تو عوامی سطح پر ان کے لیے کوئی پارک موجود ہے اور نہ ہی مالز میں اس قسم کی سہولت دستیاب ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہم اپنے بچوں کو وہاں نہیں لے جا سکتے تو پھر کہاں لے کر جائیں؟
اداکارہ جویریہ سعود نے بھی اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر سوچتی ہیں کہ ہماری معاشرتی تعلیم اور آگاہی کب اتنی ترقی کرے گی کہ ہم واقعی آٹزم کے شکار بچوں کی حقیقت اور ان کے والدین کی روزانہ کی خاموش جدوجہد کو سمجھ سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا ہے کہ ابھی بھی بہت سے لوگ ان کی مشکلات، ان کی طاقت اور ان کی مستقل ضرورت برائے ہمدردی اور حمایت کو نہیں دیکھ پاتے۔
آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (اے ایس ڈی) ایک دائمی حالت ہے جو ایک شخص کی بات چیت اور دوسروں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی صلاحیت پر اثر ڈالتی ہے، اس کی شدت ہر فرد میں مختلف ہوتی ہے، کچھ کو معمولی مشکلات پیش آتی ہیں اور کچھ کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
یہ بیماری لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکوں میں زیادہ پائی جاتی ہے اور اس مرض کی نمایاں دماغی علامات بچے کے پہلے سال کے آخری مہینوں میں ظاہر ہوتی ہیں۔












لائیو ٹی وی