اسکول کے باہر والدین کا غیر ذمہ دارانہ رویہ بچوں کے لیے نقصان دہ ہے، فیصل قریشی
اداکار فیصل قریشی نے والدین اور ڈرائیورز کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول کے باہر غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے والدین بچوں کے ذہنی اور نفسیاتی نشوونما پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
فیصل قریشی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے والدین اور ڈرائیورز کو نصیحت کی کہ بچوں کو اسکول چھوڑتے وقت جہالت کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اکثر دیکھتے ہیں کہ بعض لوگ اسکول کے اوقات میں انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہیں، غلط طریقے سے پارکنگ کرتے ہیں، مسلسل ہارن بجاتے رہتے ہیں اور اسکول کے گیٹ پر غیر ضروری بھیڑ لگائے رکھتے ہیں۔
فیصل قریشی نے واضح کیا کہ اگرچہ ایسا سب نہیں کرتے، لیکن صبح اور دوپہر کے اوقات میں اسکولوں کے آس پاس اکثر یہی صورتحال دیکھنے میں آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ اس بات سے لاعلم ہوتے ہیں کہ یہ سب اس وقت ہو رہا ہوتا ہے جب ان کے اردگرد بچے موجود ہوتے ہیں، یہ طرز عمل بچوں کے ذہنوں کو متاثر کرتا ہے اور انہیں یقین دلاتا ہے کہ کلاس میں سیکھی گئی اچھی باتیں حقیقی زندگی میں قابلِ عمل نہیں رہتیں۔
فیصل قریشی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے ڈرائیورز کو ہدایت دیں کہ اسکول کے سامنے گاڑی زیادہ دیر کھڑی نہ کریں کیونکہ اس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور نہ ہی اسکول اور ہسپتال کے قریب زور سے ہارن بجائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر سب کو اپنے رویے کا خاص خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کے لیے ایک اچھا نمونہ قائم کریں۔












لائیو ٹی وی