گنیز ورلڈ ریکارڈز: پاکستان کے محمد شاہ زیب دنیا کے کم عمر ترین یونیورسٹی چانسلر قرار
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) کے چانسلر محمد شاہ زیب اعوان کو دنیا کے کم عمر ترین مرد یونیورسٹی چانسلر کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے این آئی ٹی کے چانسلر محمد شاہ زیب اعوان کو باضابطہ طور پر دنیا کے کم عمر ترین (مرد) یونیورسٹی چانسلر کے طور پر تسلیم کرنا پاکستانی نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو اجاگر کرنے کیلئے اہم سنگِ میل ہے۔
این آئی ٹی ایک فیڈرل چارٹرڈ ادارہ ہے جو امریکا کی صفِ اول کی جدید ترین یونیورسٹیوں میں شمار ہونے والی اریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی (اے ایس یو) کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے تصور کو نئی جہت دے رہا ہے۔

اس اشتراک کے تحت این آئی ٹی امریکی معیارِ تعلیم، مقامی اقدار، علاقائی تقاضوں اور جدید صنعتی ضروریات کو یکجا کرتے ہوئے عالمی معیار کی تدریسی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
این آئی ٹی کا ہدف ایسے گریجویٹس تیار کرنا ہے جو بنیادی اصولوں پر سوچنے، خود سیکھنے اور خود آغاز کرنے والے ہوں اور عالمی معاشی میدانوں اور تیزی سے بدلتی صنعتوں میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔
یونیورسٹی کے پروگرام عملی و ہنرمندانہ تعلیم، صنعت کے ساتھ روابط اور کیریئر پر مبنی نتائج پر مرکوز ہیں، تاکہ پاکستان میں تعلیم اور روزگار کے درمیان موجود فاصلے کو کم کیا جا سکے۔
عالمی اعزاز شاہ زیب اعوان کے لیے ذاتی طور پر بھی بڑی جذباتی اہمیت رکھتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ 11 سال قبل والد کے انتقال نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا، اور یہی ان کی زندگی کا بنیادی موڑ ثابت ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے حالات آپ کا تعین نہیں کرتے، آپ کے فیصلے کرتے ہیں، اس نقصان نے مجھے وہ راستہ چننے پر مجبور کیا جس کے ذریعے میں دوسروں کے لیے مواقع پیدا کر سکوں اور اپنی کمیونٹی کے لیے بامعنی کردار ادا کر سکوں۔
شاہ زیب نے واضح کیا کہ یہ اعزاز صرف ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک پیغام ہے، یہ کامیابی یاد دہانی ہے کہ قیادت عمر سے نہیں، یقین، نظم اور مقصد سے آتی ہے اور یہ صرف آغاز ہے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ این آئی ٹی مستقبل میں مزید ترقی کرے گا اور صنعت کے ساتھ مزید مضبوط شراکتیں استوار کرتے ہوئے طلبہ کو عالمی معیار کا عملی اور پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرے گا، تاکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں اعتماد کے ساتھ کامیابی حاصل کر سکیں۔












لائیو ٹی وی