• KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

یونان کشتی حادثہ، ایف آئی اے کراچی ایئرپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز برطرف

شائع December 1, 2025
— اسکرین گریب: ڈان
— اسکرین گریب: ڈان

سیکریٹری داخلہ و انسداد منشیات نے یونان کشتی حادثے سمیت دیگر معاملات میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے متعدد افسران اور اہلکاروں کےخلاف اندرونی احتسابی کارروائی مکمل کرتے ہوئے سزاؤں کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکریٹری داخلہ و انسداد منشیات نے یونان کشتی حادثے سمیت مختلف معاملات میں برطرف ایف آئی اے کے متعدد افسران و اہلکاروں کی اپیلیں مسترد کردی۔

سیکریٹری داخلہ نے یونان کشتی حادثہ میں غفلت کےالزامات ثابت ہونے پر کراچی ایئرپورٹ کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو برطرف کردیا جبکہ فیصل آباد ائیرپورٹ کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی یونان کشتی حادثہ میں غفلت کےالزامات ثابت ہونے پر برطرف کردیا گیا ہے۔

اسی طرح ملتان ایئرپورٹ پرتعینات ڈپٹی ڈائریکٹر کو انسانی اسمگلرز سے مبینہ روابط پر 3 سال کے لیے عہدے اور تنخواہ میں تنزلی کی سزا سنائی گئی ہے۔

اسی طرح ناقص تفتیش پر 2 سینئر انویسٹی گیٹرز جبکہ غفلت اور لاپروائی پر ایک اسسٹنٹ ڈیٹابیس ایڈمنسٹریٹر کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے۔

4 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک انسپکٹر کو غیر حاضری، غفلت اور ناقص تفتیش پر سزا سناتے ہوئے تنخواہ کے بنیادی پے اسکیل میں ایک سے 3 سال کی کمی کردی گئی ہے۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر قیدی سے بدسلوکی پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انسپیکٹر کو سینشور کی سزا سنائی گئی۔

سیکریٹری داخلہ و انسداد منشیات نے 6 سب انسپکٹرز، ایک اے ایس آئی، 3 ہیڈ کانسٹیبلز اور 5 کانسٹیبلز کی اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے نوکری سے برخاست کرنے کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔

غیر حاضری پر ایل ڈی سی کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے نوکری سے برخاست کی سزا کو برقرار رکھا گیا جبکہ سپریٹنڈنٹ اور سب انسپیکٹر کی اپیل پر پروموشن روکنے کی سزا کو تبدیل کرتے ہوئے اسے سینشور میں تبدیل کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025