وزیر تعلیم سندھ کی یقین دہانی کے بعد نجی اسکولز نے 9 جنوری کو ہڑتال منسوخ کردی
کراچی: وزیرتعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کے بعد گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے 9 جنوری کو دی جانے والی ہڑتال کی کال واپس لے لی۔
فری شپ قانون کے تحت نجی اسکولوں کو اپنے کل داخل شدہ طلبہ میں سے 10 فی صد کو مفت تعلیم فراہم کرنا لازم ہے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق الائنس کے ایک وفد نے منگل کو وزیر تعلیم سے ملاقات کی۔ اجلاس میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے چیئرمین ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز محمد افضال اور نجی اسکولوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندے انور علی بھٹی، سید طارق شاہ، سید شہزاد اختر، دانش الزمان، ناصر زیدی، حیدر علی اور دیگر شریک تھے۔
وفد نے سندھ بھر کے نجی اسکولوں میں فری شپ طلبہ کے ڈیٹا کی تصدیق کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے کی جانے والی تصدیق کے عمل پر متعدد خدشات موجود ہیں۔
وفد کا مؤقف تھا کہ تفتیش اور ڈیٹا کی تصدیق میں واضح فرق ہے جبکہ بعض علاقوں سے ڈیٹا کی تصدیق کے نام پر اسکول انتظامیہ اور والدین کے ساتھ نامناسب رویے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کہا کہ اسکول الائنس کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات درست ہیں اور ڈیٹا کی تصدیق کے لیے واضح اور مربوط طریقۂ کار نہ ہونے کے باعث نجی اسکول انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلوں کا احترام کرتی ہے اور فری شپ ڈیٹا کی تصدیق کے لیے ایک مؤثر فریم ورک تیار کیا جائے گا تاکہ تمام فریقین کے تحفظات دور ہو سکیں۔
اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے باہمی اشتراک سے ایک مربوط اور شفاف تصدیقی نظام قائم کیا جائے گا، تاکہ اسکول انتظامیہ اور والدین کے خدشات کا مکمل ازالہ ہو اور کسی کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر تعلیم نے سندھ میں تعلیم کے فروغ کے لیے نجی اسکولوں کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔











لائیو ٹی وی