’ڈاکٹر لکھائی بہتر بنائیں‘
ممبئی: دنیا بھر میں ڈاکٹروں کی اکثریت کی لکھائی کبھی بھی اچھی نہیں سمجھی گئی۔ اسی لیے اب ہندوستان کی ایک تنظیم نے ڈاکٹروں کی لکھائی بہتر بنانے کے لیے آگاہی مہم کا اغاز کیا ہے۔
ہندوستان کی اس غیر سرکاری طبی تنظیم کے مطابق گزشتہ ہفتے، ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرا میں سو کے قریب ڈاکٹروں کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں معلوم ہوا کہ ان کی لکھائی صاف اور واضع نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے۔
تنظیم کی صدر ڈاکٹر سنیتا دُوبے کے ایک جاری بیان کے مطابق، ڈاکٹری نسخے واضع اور صاف لکھائی میں نہ ہونے کی وجہ سے ہندوستان اور دوسرے ممالک میں اموت کے تناسب میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر سنیتا نے ریاست کے وزیر صحت کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا کہ اکثر کیمسٹ حضرات، بالخصوص چھوٹے شہروں اور دیہات میں، ڈاکٹروں کے نسخے سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔
خط کے مطابق، نسخے کی تحریر واضح نہ ہونے کے سبب کیمسٹ تجویز کردہ ادویہ کے بجائے کوئی دوسری دوا دے دیتے ہیں جن کا مریضوں پر استعمال جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
خط لکھنے کے بعد ڈاکٹر دُوبے کو اس مہم کے لیے اب حکومت کی معاونت بھی حاصل ہو گئی ہے۔
دُوبے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ تنظیم ڈاکٹروں کی رہنمائی کے لیے جلد ہی ایک رہنما کتاب ترتیب دینے کے علاوہ نسخوں کو تیزی سے صاف انداز میں تحریر کرنے کے لیے چھوٹے چھوٹے تربیتی پروگرام کے انعقاد کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صاف اور واضح انداز میں نسخہ لکھنے سے ڈاکٹروں کے خلاف غلط دوائیں تجویز کرنے کے حوالے سے مقدمات قائم ہونے کی شرح میں بھی کمی واقع ہو گی۔












لائیو ٹی وی