• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Cloudy 12.7°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Cloudy 12.7°C

رمشا کیس: امام مسجد کیخلاف گواہ منحرف

شائع October 1, 2012

لوگ رمشا کے گھر کے پاہر جمع ہیں۔ —فوٹو اے پی۔

اسلام آباد: عیسائی بچی رمشا پر توہینِ مذہب کے مقدمے میں گرفتار امام مسجد خالد جدون کے خلاف دو گواہ اپنے بیانِ حلفی سے منحرف ہوگئے۔

گواہوں نے اپنے نئے بیانِ حلفی میں کہا ہے کہ پولیس نے ان سے زبردستی وہ بیان دلوایا تھا۔ قبل ازیں ان گواہوں نے کہا تھا کہ راکھ والے شاپنگ بیگ میں اوراقِ مقدسہ امامِ مسجد خالد جدون نے شامل کیے تھے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد راجہ جواد عباس نے رمشا مسیح کے خلاف مبینہ توہینِ مذہب پر مقدمہ دائر ہونے کے بعد گرفتار کیے گئے امام مسجد خالد جدون کی درخواست ضمانت کی سماعت پیر کو کی۔

دوران سماعت استغاثہ کے دو گواہوں اویس اور خرم شہزاد نے نئے بیان حلفی جمع کرائے۔ دونوں گواہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ اس سے قبل جمع کرائے گئے بیانات، پولیس نے زبردستی ان سے تحریر کرائے تھے۔

عدالت نے خالد جدون کی درخواست ضمانت پرمزید سماعت تین اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔

دوسری طرف، وفاقی دارالحکومت کی ایک اعلیٰ عدالت نے رمشا کے خلاف توہینِ مذہب کے مقدمے کو خارج کرنے کی درخواست پر دیے گئے حکمِ امتناعی میں سترہ اکتوبر تک مزید توسیع کردی ہے۔

مقدمے کی سماعت پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اقبال حمید الرحمان نے کی۔

سماعت کے دوران رمشا کے وکیل نے عدالت کے روبرو دائر درخواست میں  موقف اختیار کیا کہ ان کی موکل کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر کا غلط ہے۔

درخواست کے مطابق، مقدمے کے دو گواہوں نے تعزیرات کی دفعہ ۱۶۴ کے تحت دیے گئے بیانِ حلفی میں رمشا کو بے گناہ قرار دیا تھا اور اس سارے معاملے کا ذمہ دار کسی اور کو ٹھہرایا تھا۔

پیر کو درخواست کی سماعت کے دوران وکیل استغاثہ کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ان کے وکیل اسلام آباد سے باہر ہیں، لہٰذا انہیں مہلت دی جائے۔

عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے حکم امتناعی میں سترہ اکتوبر تک مزید توسیع کردی۔

بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت بارہ اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے نواحی گاؤں کی رہائشی رمشا کو سولہ جولائی کو ایک مقامی شخص کی شکایت پر پولیس نے توہین مذہب کے قانون کے تحت گرفتار کیا تھا۔

سات ستمبر کو عدالت نے رمشا کو پانچ پانچ لاکھ کے دو مچلکوں پر اڈیالہ جیل سے ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیا۔

آٹھ ستمبر رہائی کے بعد رمشا کو سخت حفاظتی نگرانی میں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025