افغانستان سے نیٹو فوجی سامان کی واپسی شروع
کوئٹہ: دس سال سے زائد عرصے جاری رہنے والی جنگ کے بعد افغانستان سے امریکہ اور نیٹو اتحادی کا عسکری اور دیگر سامان واپس آنا شروع ہوگیا ہے اور اس کی پہلی کھیپ آج افغانستان سے کوئٹہ پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ گیارہ ستمبر 2011 کے واقعے کے بعد امریکہ نے طالبان حکومت کو ہٹانے کیلئے اتحادی ممالک کی فوج کے ساتھ افغانستان پر حملہ کردیا تھا۔
منگل کی شام کو سخت سیکیورٹی کے ساتھ افغانستان سے نیٹو کمک کی پہلی کھیپ کوئٹہ پہنچی جس میں ہتھیاروں اور دیگر سامان سے لدے ٹرک اور بکتر بند گاڑیاں شامل تھیں۔
فرنٹیئر کور ( ایف سی) کے ترجمان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ 50 ٹرک اور بکتربند گاڑیاں قندھار سے کوئٹہ پہنچی ہیں۔ واضح رہے کہ قندھارکوطالبان کا گڑھ تصور کیا جاتا رہا ہے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کہ پاک افغان سرحد سے ایف سی کی نگرانی میں کوئٹہ تک پہنچایا گیا ہےجو پورٹ قاسم کیلئے بدھ کو روانہ کیا جائے گا۔
' ہھتیاروں اور دیگر سامان کی واپسی کا سلسلہ اگلے کچھ دنوں تک جاری رہے گا۔' انہوں نے بتایا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں افغان سرحد سے ملحق شہر چمن میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے نیٹو سپلائی فراہم کرنے والے ٹرکوں کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔












لائیو ٹی وی