افغانستان: فرانسیسی تنظیم کے چھ مقامی افراد ہلاک
مزار شریف: مشتبہ طالبان عسکریت پسندوں نے بدھ کے روز فرانسیسی امدادی گروپ کے لیے کام کررہے چھ مقامی افراد کو ہلاک کردیا ہے جو کہ دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہے تھے۔
صوبائی پولیس سربراہ نبی جان ملاخیل نے اے ایف پی کو بتایا 'یہ افراد ایک گاڑی میں میمانہ سے المار ضلع جارہے تھے جن کا راستہ پشون کوٹ کے پاس طالبان نے تعاقب کے بعد روک لیا۔'
ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد طالبان انہیں گاڑی سے گھسیٹتے ہوئے لے گئے اور گولیاں مارکر ہلاک کردیا۔
یہ افراد 'ایکٹڈ' نامی ایک تنظیم کے لیے کام کرتے تھے جس نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تنظیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے چھ ارکان کو ہلاک اور ایک کو زخمی کیا گیا ہے جو کہ شمالی علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر اپنے فرائض کو سر انجام دینے پر معمور تھے۔
1993ء میں بننے والی یہ تنظیم افغانستان سمیت دیگر ترقیاتی ممالک میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرتی ہے۔
ایکٹڈ کی ویب سائٹ کے مطابق افغانستان میں ان کے 34 منصوبے چل رہے ہیں جبکہ گزشتہ سال تک 864 مقامی اور 13 غیر ملکی اسٹاف ممبرز ملک میں کام کررہے تھے۔