کامبلی کو دل کا 'دورہ'
نئی دہلی: انڈیا کے سابق بلے باز ونود کامبلی کو مبینہ دل کے دورہ پڑنے پر جمعہ کو ممبئی کے ایک ہسپتال داخل کر دیا گیا۔
ریڈیف ویب سائیٹ اور این ڈی ٹی وی نے بتایا کہ گزشتہ سال اکتالیس سالہ کامبلی کی دو بند شریانوں کی اینجیو پلاسٹی کی گئی تھی اور ایسا لگتا ہے کہ انہیں جمعہ کو ہونے والی تکلیف کا سبب دل کا دورہ تھا۔
ابھی تک ہسپتال کی جانب سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
کامبلی کو 1988 میں اس وقت شہرت ملی تھی جب انہوں نے ممبئی میں انٹر سکول کے ایک میچ میں سچن ٹنڈولکر کے ساتھ مل کر 664 رنز کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اس میچ میں دونوں بلے بازوں نے ٹرپل سینچریاں بنائی تھیں۔
ٹنڈولکر رواں مہینے کئی عالمی ریکارڈ بنا کر کرکٹ کی دنیا سے رخصت ہو گئے جبکہ کامبلی کا کیریئر عمدہ آغاز کے بعد جلد ہی ختم ہو گیا۔
انیس سو ترانوے میں ڈیبیو کرنے والے کامبلی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی آٹھ ٹیسٹ اننگز میں دو ڈبل اور دو سینچریاں سکور کیں، لیکن اس کے بعد وہ کبھی بھی ٹیسٹ میچ میں تین ہندسے عبور نہیں کر سکے۔
کامبلی نے چوبیس سال کی عمر سے پہلے ہی اپنا آخری ٹیسٹ میچ 1995 میں کھیلا۔
انہوں نے مجموعی طور پر سترہ ٹیسٹ میچوں میں 54٫20 کی اوسط سے 1084 رنز بنائے۔
بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کامبلی نے 104 ون ڈے میچ بھی کھیلے ، جن میں انہوں نے دو سینچریوں کی مدد سے 2477 رنز سکور کیے۔