پی ٹی آئی کی درخواست پر ای سی پی سے 15 دن میں جواب طلب

شائع May 8, 2014
سپریم کورٹ آف پاکستان ۔ تصویر سہیل یوسف
سپریم کورٹ آف پاکستان ۔ تصویر سہیل یوسف

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے گزشتہ برس عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) سے 15 دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جمعرات کو درخواست کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے چیف عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کیخلاف حال ہی میں دوبارہ سنجیدہ الزامات عائد کئے تھے اور موجودہ چیف جسٹس سے انتخابی دھاندلیوں پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے وکیل، حامد خان نے اپنے دلائل میں کہا کورٹ کی جانب سے صادر کئے جانے والے انتخابی اصلاحات کے فیصلے پر اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔

حامد خان نےکہا کہ مجاز عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دی جانے والی 15 دن کی مہلت غیر ضروری ہے اور زور دیا کہ جتنی جلدی ممکن ہو اگلی سماعت کی جائے تاکہ معاملے کو تیزی سے آگے بڑھایا جاسکے۔

اس پر چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل کو کہا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ای سی پی کے ردِ عمل کا انتظار کرے تاکہ کیس کو آگے بڑھایا جاسکے۔

سماعت کے بعد پی ٹی آئی چیف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگلے انتخابات آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انداز میں منعقد کئے جائیں۔

عمران خان نے مڈ ٹرم انتخابات کی مخالفت کی لیکن ان کے ایک سیاسی حلیف شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر انتخابی دھاندلیوں کے الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو پھر پورے ملک میں دوبارہ انتخابات کرائے جانے چاہئیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025