کاٹنے کا انجام،لوئس سواریز ورلڈ کپ سے باہر
ریو ڈی جینرو: یوراگوئے کے اسٹار فٹبالر لوئس سواریز ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی مزید نمائندگی نہیں کرسکیں گے جس سے یورا گوئے کی ورلڈ کپ میں پیش قدمی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
لوئس سواریز نے ورلڈ کپ کے 24 جون کو ہونے والے میچ کے دوران اٹلی کے ایک کھلاڑی کو کاٹا تھا۔
فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن(فیفا) کی انضباطی کمیٹی نے یوراگوئے کے فٹبالر لوئس سواریز پر 9 میچوں کی پابندی عائد کی ہے۔
اب یورا گوئے کے کھلاڑی 28 جون کو کولمبیا کے خلاف پری کوارٹر فائنل مقابلے میں نہیں کھیل سکیں گے۔
فیفا نے سواریز پر 4مہینے کے لیے فٹبال سے متعلق کسی بھی قسم کی سرگرمی میں حصہ لینے کی پابندی بھی عائد کی ہے جبکہ اس پابندی کے دوران لیورپول کے کھلاڑی کسی بھی ایسے اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہو سکیں گے جہاں یورا گوئے کا میچ ہو رہا ہو۔
اس کے علاوہ یوراگوئے کے اسٹرائیکر پر ایک لاکھ سوئس فرانک(ایک لاکھ 11ہزار امریکی ڈالر) کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
یوراگوئے کے اسٹار فٹبالر لوئس سواریز پوری دنیا میں اس وقت موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔
یوراگوئے کی ٹیم اٹلی کو ہراکر پری کوارٹرفائنل میں تو پہنچ گئی ہے تاہم لوئس سواریز نے میچ میں اٹلی کے کھلاڑی چیلینی کے کندھے پر دانتوں سے کاٹ کر ساری توجہ حاصل کرلی تھی، اطالوی کھلاڑیوں کے چیخنے کے باوجود میچ ریفری بروقت کوئی قدم تو نہ اٹھا سکا تایم فیفا نے عادت سے مجبور سواریز کے خلاف تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
سواریز اس سے قبل بھی دو مرتبہ اس طرح کی حرکت کرکے سزا بھگت چکے ہیں۔
اس سے قبل 2010 میں پریمیئر لیگ کے میچ میں چیلسی کے کھلاڑی ایوانووچ کے ساتھ بھی یہی سلوک کرچکے ہیں جس کے بعد ان پر 2میچز کی پابندی لگائی گئی تھی لیکن وہ پھر بھی باز نہ آئے اور یورپیئن کلب پی ایس جی کے اوٹمن بکال کو کاٹ ڈالا جس پر ایک بار پھر پابندی کی زد میں آئے۔
28 جون کو یوراگوائے اور کولمبیا ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں مدمقابل ہوں گے تاہم ورلڈ کپ میں دو گول کرنیوالے سواریز میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ سواریز نے انگلش پریمیئر لیگ میں لیورپول کی نمائندگی کرتے ہوئے سیزن میں سب سے زیادہ گول اسکور کیے تھے اور ورلڈ کپ میں پیش قدمی کے لیے یوراگوئے کی ٹیم کی تمام تر امیدیں انہیں سے وابستہ تھیں۔
تاہم انگلینڈ کے خلاف دو گول کر کے میچ وننگ پرفارمنس پیش کرنے والے کھلاڑی کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باعث اب یوراگوئے کی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں مزید پیش قدمی خطرے میں پڑ گئی ہے۔