آفریدی عمران خان اور نواز شریف کے درمیان کرکٹ میچ کے خواہشمند
کراچی: پاکستان کے اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی نے آپریشن ضرب عضب کے بعد شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی امداد کے لیے ٹی ٹوئنٹی میچ کرانے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ٹیموں کی قیادت کی دعوت دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں شاہد آّفریدی فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام رمضان میں لاہور میں چیریٹی میچ کراکر شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے فنڈز جمع کریں گے۔
ڈان نیوز سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ چیریٹی میچ میں ایک ٹیم کی قیادت وزیراعظم نواز شریف اور دوسری ٹیم کی قیادت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کریں ۔
اس موقع پر اسٹار کرکٹر کا کہنا تھا کہ دور دراز کے علاقوں میں تعلیم کی کمی ہے اور کچھ عناصر یہاں کے نوجوانوں کو منفی راستوں پر گامزن کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں اگر تعلیم کو عام کیا جائے تو یہ ملک کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔